Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

’حماس کے جانباز مجاہدین تاریخ کا منفرد معرکہ سر کررہے ہیں‘

عالم اسلام سے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ہر طرح سے تعاون کی اپیل
شائع 11 اکتوبر 2023 09:28pm

پاکستان کے معروف عالم دین اور اسکالر مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ عالم اسلام متحد ہوکر مظلوم فلسطینیوں کو ہر قسم کی مدد پہنچائیں۔

مفتی تقی عثمانی نے اسرائیل اور فلسطین میں جاری جنگ کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر لکھا کہ ’حماس کے جانباز مجاہدین تاریخ کا منفرد معرکہ سر کررہے ہیں اور اسرائیل کی طرف سے غزہ کی شہری آبادیوں پر وحشیانہ بمباری ہورہی ہے۔‘

مفتی تقی عثمانی نے لکھا ’یہ ایسا موقع ہے جس میں عالم اسلام کا فرض بنتا ہے کہ وہ متحد ہوکر مظلوم فلسطینیوں کو ہر قسم کی مدد پہنچائیں تاکہ فلسطین کا مسئلہ ہمیشہ کے لئے انصاف کے ساتھ حل ہو۔‘

اس کے ساتھ انہوں نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز بھی شئیر کی جس میں فلسطین کے مسلمانوں سے ہر ممکن تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ فلسطین کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی اس مسئلہ کا واحد حل ہے، دنیا میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے عالمی برادری فلسطین کا مسئلہ حل کروائے۔

بیان میں کہا گیا کہ مسلمان حکمران فلسطین کے بارے میں مشترکہ حکمت عملی طے کریں اور پوری قوم فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کا ساتھ دے اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرے۔

مزید پڑھیں: تصاویر: فلسطین اسرائیل کشیدگی میں ہونیوالی تباہی کے مناظر

قائدین وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے کہا کہ موجودہ دور میں ظلم وستم اور جبر کے ذریعے نہ کسی کو غلام بنایا جا سکتا ہے اور نہ کسی سرزمین پر قبضہ کیا جا سکتا ہے اس لیے فی الفور مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی کا اعلان کیا جائے۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا مفتی محمد تقی عثمانی ، نائب صدر مولانا انوارالحق ، ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری سمیت دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں عالم اسلام سے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ہر طرح سے تعاون کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں اور مسلم معاشروں پر اپنے اپنے دائرہ کار کے حساب سے ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، تمام مسلمانوں کو فلسطین کے معاملے میں اپنا بھر پور اور مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: علیحدگی پسند سکھ تنظیم کی بھارت کو حماس طرز کے حملے کی دھمکی

انہوں نے مسلمان حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین کے مسئلے پر جلد از جلد مشتر کہ حکمت عملی طے کریں۔

وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیل کا قبضہ ختم کروانے کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائیں۔

وفاق المدارس کے قائدین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے فلسطین کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے ورنہ پوری دنیا کا امن وامان ہمیشہ داؤ پر لگا رہے گا۔

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے فلسطینی مظلوم مسلمانوں کی مد دونصرت، شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی صحتیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی اور ملک بھر کی مساجد و مدارس کے ذمہ داران کے نام بھی ہدایات جاری کیں کہ وہ دعاؤں کا خصوصی اہتمام کریں اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کریں۔

Palestine

Gaza

Hamas

Mufti Taqi Usmani

Hamas Israel attack 2023

Israeli Air Strike

Palestinians In Gaza

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div