Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

ورلڈکپ: جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو چاروں شانے چت کردیا، 229 رنز سے شکست

400 رنز کے جواب میں پوری انگلش ٹیم 22 اوورز میں 170 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی
شائع 21 اکتوبر 2023 09:03pm

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 20 ویں میچ میں جنوبی افریقا دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 229 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہو گیا۔

ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیے گئے 400 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم جنوبی افریقی بولرز کے سامنے ’ریت کی دیوار‘ ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 22 اوورز میں 170 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقا کی بیٹنگ

جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رنز کا انبار لگادیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنائے اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے لیے 400 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کاک اور رضا ہینڈرکس نے اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی کوئنٹن ڈی کاک 4 رنز پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، انہیں ٹوپلی کی گیند پر انگلش کپتان جوز بٹلر نے کیچ پکڑ کر آؤٹ کیا۔

اس کے بعد راسی وین ڈیر ڈوسن کریز پر آئے تو انہوں نے رضا ہینڈریکس کے ساتھ مل کر جارحانہ انداز اپنایا، دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 121 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

راسی وین ڈیر ڈوسن اور ریزا ہینڈرکس نے جنوبی افریقا کا اسکور 125 رنز تک پہچایا تاہم راسی وین ڈیر ڈوسن 8 چوکوں کی مدد سے 61 گیندوں پر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، وہ بھی ٹوپلی کی گیند پر جونی بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد رضا ہینڈریکس بھی 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 85 رنز پر عادل راشد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد جنوبی افریقا کے کپتان ایڈن مارکرم خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، وہ 42 رنز کی اننگز کھیل کر ٹوپلے کی گیند پر جونی بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ ڈیوڈ ملر بھی 5 رنز بناکر ٹوپلے کا شکار بنے۔

جنوبی افریقا کے 6 آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہینرک کلاسن تھے جنہوں نے انتہائی عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 67 گیندوں پر 109 رنز اسکور کیے۔

جنوبی افریقا کے 7 ویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیرالڈ کوٹزی تھے وہ محض 3 رنز اسکور کر سکے۔

ہینرک کلاسن کے بعد سب سے عمدہ اننگز مارکو جانسن نے کھیلی انہوں نے 3 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 75 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ 4، دوسری 125، تیسری 164، چوتھی 233، جبکہ پانچویں 243، چھٹی وکٹ 394 اور ساتویں وکٹ 398 کے مجموعی اسکور پر گری۔

انگلینڈ کی طرف سے ریس ٹوپلے نے سب سے عمدہ بولنگ کی انہوں نے جنوبی افریقا کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب عادل رشید اور گس اٹکنسن نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیجا۔

انگلینڈ کی بیٹنگ

400 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے جواب میں انگلش بیٹنگ لائن نہ چل سکی، ابتدا سے ہی وقفے وقفے سے انگلینڈ کے بلے باز پویلین لوٹنا شروع ہوگئے۔

انگلش بیٹرز نے اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا میں ہی 18 رنز کے مجموعی اسکور پر انگلینڈ کی پہلی وکٹ گر گئی، جونی بیرسٹو محض 10 رنز اسکور کرکے لونگی نگیڈی کی گیند پر رسی وین ڈر دوسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

جونی بیرسٹو کے آؤٹ ہوتے ہی جیسے انگلش بلے بازوں کی پویلین جانے کے لیے لائن لگ گئی، انگلینڈ کی مِڈل آرڈر بیٹنگ مکمل کولیپس کرگئی اس کا کوئی بھی مِڈل آرڈر بیٹر ڈبل ہندسہ عبور نہ کر سکا، ڈیوڈ ملان 6 ، جوئے روٹ 2 اور بین اسٹوکس 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد بھی کوئی انگلش بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، ہیری بروک نے 17، جوس بٹلرنے 15، ڈیوڈ ولی نے 12، عادل رشید نے 10 رنز اسکور کیے۔

گس اٹکنسن نے 35 جبکہ مارک ووڈ 43 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، ریس ٹوپلے زخمی ہونے کے باعث کھیل نہیں سکے۔

یوں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے 22 اوورز میں 9 وکٹ پر 170 رنز پر اننگز ختم کردی، اس طرح جنوبی افریقا 229 رنز کے بڑے مارجن کے ساتھ یہ میچ جیت گیا اور سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے سب سے عمدہ بولنگ جیرالڈ کوٹزی نے کی انہوں نے 3 اہم انگلش بیٹرز کو پویلین بھیجا جبکہ مارکو جانسن، لنگی نگیڈی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کاگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں شاندار سینچری اسکور کرنے پر ہینرک کلاسن کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل

ایونٹ میں انگلینڈ کی ٹیم کی یہ تیسری ناکامی تھی جو اب تک 4 میچ کھیل چکی ہے جبکہ جنوبی افریقا نے 4 میں سے 3 میچ جیت کر اور 6 پوائنٹس کے ذریعے ٹیبل پر تیسرے نمبر پر قبضہ جمالیا ہے۔

ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں 8،8 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جنوبی افریقا 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، آسٹریلیا اور پاکستان 4،4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

میچ کا ٹاس

قبل ازیں ممبئی میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے موقع پر جوز بٹلر نے کہا کہ پچ ابتداء میں بالرز کے لیے سازگار لگ رہی ہے کوشش ہوگی جلد وکٹیں لے کر جنوبی افریقا پر پریشر بڑھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، بین اسٹوکس، ڈیوڈ ولی اور اٹکنسن پلئینگ الیون کا حصہ ہیں جبکہ کرس ووکس اور سیم کرن کو ڈراپ کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی بڑا ہدف دیکر انگلش سائیڈ کو پریشر میں لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹمبا باووما کی جگہ ریزا ہینڈرکس کو موقع دیا گیا ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما وائرل بخار کے باعث میچ سے دستبردار ہوچکے ہیں اس لیے ان کی جگہ ایڈن مارکرم قیادت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

انگلینڈ کا اسکواڈ

انگلینڈ کی ٹیم میں جونی بیرسٹو، داؤد ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، ہیری بروک، جوس بٹلر، ڈیوڈ ولی، عادل رشید، گس اٹکنسن، مارک ووڈ، ریس ٹوپلے شامل ہیں۔

جنوبی افریقا کا اسکواڈ

جنوبی افریقا کی ٹیم میں وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کاک ، رضا ہینڈرکس اوپننگ بیٹر، راسی وین ڈیر ڈوسن ٹاپ آرڈر بیٹر، ایڈن مارکرم کپتان، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، جیرالڈ کوٹزی، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، لنگی نگیڈی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ایونٹ میں دونوں ٹیمیں اب تک 3،3 میچز کھیل چکی ہیں اور آج اپنا اپنا چوتھا میچ کھیل رہی ہیں، جنوبی افریقا نے 2 میچز جیتے ہیں اور صرف ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انگلینڈ کو صرف ایک میچ میں کامیابی ملی اور 2 میچ میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

جنوبی افریقا نے سری لنکا اور آسٹریلیا کو شکست دی جبکہ اسے نیدرلینڈز کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ انگلینڈ کو نیوزی لینڈ اور افغانستان نے شکست دی جبکہ اسے بنگلادیش کے خلاف فتح ملی۔

india

England

South Africa

mumbai

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

england vs south africa

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div