Aaj News

جمعہ, دسمبر 13, 2024  
10 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کو وکلاء اور فیملی سے ملاقات کی اجازت دے دی

عدالت کی فواد چوہدری کو جیل مینوئل کے تحت طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
شائع 20 نومبر 2023 07:25pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری کو جیل مینوئل کے تحت طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی جبکہ عدالت نے سابق وفاقی وزیر کو وکلاء اور فیملی سے ملاقات کی اجازت دے دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب طاہر نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جیل میں سہولیات فراہمی، وکلاء اور فیملی سے ملاقات کی اجازت کی درخواست پر سماعت کی۔

اس سلسلے میں فواد چوہدری کی جانب سے ان کے بھائی فیصل چوہدری نے دلائل دیے جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت میں پیش ہوئے۔

ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کو بتایا کہ فواد چوہدری کو سیکیورٹی وارڈ میں رکھا گیا ہے، سہولیات کے حوالے سے چیف کمشنر اور پنجاب حکومت کو درخواست بھیج دی ہے۔

وکیل فیصل چوہدری نے استدعا کی کہ بچوں سے بات پر قانون کے مطابق ہی عمل درآمد کروادیں۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ کو قانون کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری سے وکلاء کی ملاقات کی اجازت دیں۔

وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ہماری باتیں نوٹ کی جاتی ہیں، صرف جمعے کو ملاقات کی اجازت دیتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ صرف جمعہ ہی کیوں، کوئی اور دن ان کو ملاقات کا دے دیں، میں آرڈر کردیتا ہوں۔

ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل نے موقف اپنایا کہ 2 دن سائفر کیس چلتا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کا کیس ہوتا ہے، چوہدری پرویز الہٰی بھی ہمارے پاس ہیں، اس لیے انہیں جمعہ کا دن ملاقات کے لیے دیتے ہیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ فواد چوہدری نے کیا دھمکیاں دی ہیں؟ کس چیز کی ایف آئی آر ہے، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ فواد چوہدری کے خلاف 502 کی ایف آئی آر ہے۔

جیل میں سہولیات کی استدعا پر عدالت نے کہا کہ جیل سہولیات اور وکلا سے ملاقات کے تو سیشن جج کے واضح آرڈر موجود ہیں۔

جسٹس ارباب طاہر نے درخواست گزار سے کہا کہ اگر عمل درآمد نہ ہو رہا ہو تو اس کے خلاف درخواست دائر کردیں، ہم اس پر تفصیلی حکم جاری کردیں گے۔

مزید پڑھیں

دفعہ 144 خلاف ورزی کیس: فواد چوہدری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

فواد چوہدری قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام میں نیب طلب

عدالت نے فواد چوہدری کو بطور سابق وزیر جیل مینوئل کے تحت سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی وکلا اور فیملی سے ملاقات کی بھی اجازت دے دی۔

عدالت نے فواد چوہدری کو جیل مینوئل کے مطابق طبی سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

IHC

Islamabad High Court

Fawad Chaudhary

Istehkam i Pakistan Party (IPP)

ISTEHKAM E PAKISTAN PARTY (IPP)