Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

نگراں وزیراعظم کا بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ، پولیو کی روک تھام پر گفتگو

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ 2 روزہ دورے پر کویت پہنچ گئے
شائع 28 نومبر 2023 11:06pm

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں پولیو کی روک تھام پر گفتگو کی گئی۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو آج شام بل گیٹس کی کال موصول ہوئی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اس وقت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سرکاری دورے پر ہیں۔

ٹیلی فون کال کے دوران نگراں وزیراعظم اور بل گیٹس نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی اپنی ملاقات کا ذکر کیا۔

انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کو پولیو سے محفوظ ملک بنانے کی حکومت کی کوششوں میں گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔

انہوں نے ملک کو پولیو وائرس سے نجات دلانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

اس سلسلے میں نگراں وزیراعظم نے بل گیٹس کو پاکستان بھر میں جاری پولیو ویکسینیشن مہم کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان غذائی قلت کے مسائل اور میٹرنل ہیلتھ کے موضوعات پر بھی گفتگو ہوئی۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حکومت اور بی ایم جی ایف کے درمیان بہترین تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت پاکستان ایک صحت مند اور محفوظ پاکستان کے لیے پرعزم ہے اور اس کوشش میں بی ایم جی ایف جیسے قابل اعتماد شراکت داروں کی مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ 2 روزہ دورے پر کویت پہنچ گئے

دوسری جانب نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ 2 روزہ دورے پر کویت پہنچ گئے۔

کویت پہنچنے پر کویت کے وزیرِ بجلی، پانی و قابل تجدید توانائی ڈاکٹر جاسم محمد عبداللہ الاستاد نے نگراں وزیرِاعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر پاکستان کے کویت میں سفیر ملک محمد فاروق اور دونوں ممالک کے اعلیٰ سفارتی اہلکار بھی موجود تھے۔

دورے کے دوراں نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ کویت کے ولی عہد شيخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور وزیرِاعظم شيخ احمد النواف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔

نگراں وزیرِاعظم کے دورہ کویت سے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

انوارالحق کاکڑ کے دورے کے دوران افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات و کان کنی، غذائی تحفظ، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

اس سے قبل نگراں وزیراعظم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ مکمل کرکے ابوظہبی کے البطین ہوائی اڈے سے کویت سٹی کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

یو اے ای کے وزیر توانائی سہیل محمد المزروعی اور پاکستانی سفارتی عملے نے انوار الحق کاکڑ کو رخصت کیا تھا۔

نگراں وزیراعظم کا ابوظہبی میں شیخ زائد گرینڈ مسجد کا دورہ

ادھر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ابوظہبی میں شیخ زائد گرینڈ مسجد کا دورہ کیا اور کہا کہ شیخ زاید کے پاکستان کی قیادت اورعوام کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات تھے۔

نگراں وزیراعظم نے آج ابوظہبی میں شیخ زاید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا اور مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ شیخ زاید کے پاکستان کی قیادت اور عوام کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات تھے۔

نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ شیخ زاید مسجد کا عظیم پیغام باہمی، رواداری کے لیے کشادہ دلی کے تصورات کو اجاگر کرتا ہے، یہ پیغام متحدہ عرب امارات کے بانی کی شاندار میراث سے متاثر ہے۔

نگراں وزیراعظم کو اسلامی ثقافت کے حقیقی جوہر کو اجاگر کرنے میں مسجد کے اہم کردار کے بارے میں بتایا گیا، شیخ زید گرینڈ مسجد جدید اسلامی فن تعمیر کا ایک شاہکارنمونہ ہے، جس میں 40 ہزار سے زائد نمازیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، شیخ زید مسجد متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی اور دنیا کی تیسری بڑی مسجد ہے۔

واضح رہے کہ مسجد کے دورے کے دوران نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمزی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

UAE

Bill Gates

اسلام آباد

Kuwait

Caretaker PM

anwar ul haq kakar

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar

Caretaker Prime Minister Anwaar ul Haq Kakar

PM KAKAR

PM ANWAR UL HAQ KAKAR

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div