Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
20 Shawwal 1445  

عمران خان نے سائفر کیس میں سرکاری وکلاء صفائی کی تقرری چیلنج کردی

توشہ خانہ نیب کیس کی کارروائی بھی ہائیکورٹ میں چیلنج کیے جانے کا امکان
اپ ڈیٹ 30 جنوری 2024 07:37pm

پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان نے سائفر کیس میں سرکاری وکلاء صفائی کی تقرری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے سینئر وکیل حامد خان ایڈووکیٹ کے ذریعے سائفر کیس میں خصوصی عدالت کی جانب سے وکلاء صفائی کی تقرری کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں ریاست کو بذریعہ اٹارنی جنرل اور سائفر کیس میں شکایت کنندہ سابق سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں سرکاری وکلا صفائی کی تقرری اور بعد کی کارروائی کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے

درخواست میں کہا گیا کہ سائل ملک کی بڑی سیاسی جماعت کا سربراہ اور سابق وزیر اعظم ہے، درخواست گزار کو گزشتہ ایک سال سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور 180 سے زائد فوجداری مقدمات درج کئے گئے۔ سائفر کیس میں جیل ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں، سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ نے 26جنوری کو ملزمان کے لیے سرکاری وکلا صفائی کا تقرر کیا، ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کاالعدم قرار دیا جائے۔

آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے وکلا کے نہ آنے پر سرکاری وکلا صفائی مقرر کیے تھے۔

بانی پی ٹی آئی کے وکلاء درخواست سماعت جلد مقرر کروانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، اسی کوشش میں رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیمبر میں جا پہنچے۔

خیال رہے کہ جیسے ہی بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس حتمی مرحلے میں داخل ہوا عمران خان نے سائفر کیس کی کارروائی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج بانی پی ٹی آئی کی جانب سے توشہ خانہ نیب کیس کی کارروائی بھی ہائیکورٹ میں چیلنج کیے جانے کا امکان ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں کارروائی چیلنج کریں گے اور چیف جسٹس سے آج جلد سماعت کی استدعا کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کی سماعت کے دوران عدالت نے دونوں ملزمان کا حق دفاع ختم کردیا تھا۔

توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت آج

بانی پی ٹی آئی اوربشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت آج ہوگی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر اڈیالہ جیل میں سماعت کریں گے۔

گزشتہ سماعت پر نیب کے 20 میں سے 16 گواہان پر جرح مکمل کرلی گئی تھی، عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں وکلاء صفائی کا حق دفاع ختم کردیا تھا۔ اسٹیٹ ڈیفینس کونسل نے نیب کے گواہوں پرجرح مکمل کرلی تھی۔

آج بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کے 342 کے بیانات قلمبند کیے جانے کا امکان ہے۔

Shah Mehmood Qureshi

imran khan

Islamabad High Court

cypher case Imran Khan

Cypher case

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div