Aaj News

بدھ, مئ 01, 2024  
22 Shawwal 1445  

ایران اسرائیل صورتحال کا ایرانی صدر کے دورے سے کوئی تعلق نہیں، وزیر خارجہ

افغانستان کے دورے کی دعوت آئی ہوئی ہے مناسب وقت پر دورہ کریں گے، اسحاق ڈار
شائع 18 اپريل 2024 03:59pm

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران کے صدر کا دورہ پاکستان پہلے سے طے شدہ تھا، ایران اور اسرائیل کے درمیان صورتحال ابھی پیدا ہوئی اس کا اس دورے سے کوئی تعلق نہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے معاملے پر دفتر خارجہ نے اپنا بیان جاری کیا تھا، سربراہ مملکت کے دورے فوری طور پر پلان نہیں ہوتے، ایرانی صدر کا دورہ 22، 23 اور 24 اپریل کو ہوگا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں سعودی وفد کے دورے پر سیاست کررہی ہیں جو افسوسناک ہے۔ سعودی عرب کے وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند رہا، حکومت نے بیرونی سرمایہ کاری کیلئے جو اقدامات کیے ہیں اسے سراہا گیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی وفد نے سرمایہ کاری کے لیے اقدام کی تعریف کی ہے، ہماری خارجہ امور سے متعلق پالیسی گائیڈ لائن امن ہے، ہم مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں، ہم غزہ میں جنگ بندی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی ایک جیسی ہے میرے آنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہم سفارت کاری کو معاشی و اقتصادی سفارتکاری کی جانب لے کر جارہے ہیں۔ 28،29 اپریل کو سعودی عرب میں ورلڈ اکنامک فورم کا خصوصی اجلاس ہونے جارہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے، ورلڈ اکنامک فورم اجلاس کے بعد اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کا گیمبیا میں اجلاس ہے، 2 اور 3 مئی کو او آئی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوگا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، او آئی سی سربراہی اجلاس 4 اور 5 مئی کو ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف او آئی سی کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت 2018 میں مستحکم ہو رہی تھی، سیاست کو ملکی مفاد پر مقدم نہیں سمجھنا چاہیے، گزشتہ دور میں 2013 کے بعد کی تمام محنت رائیگاں کردی گئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بشام واقعہ کی تحقیقات ہورہی ہیں، چینی باشندوں کی پاکستان میں سیکیورٹی اولین ترجیح ہے، بہت جلد ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچا دیں گے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ مجھےافغانستان کے دورے کی دعوت آئی ہوئی ہے مناسب وقت پر دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے، سفارتی امور کو حتمی شکل دینے کے بعد امید ہے دورہ ہوگا۔

Ishaq Dar

Iran Israel Issue

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div