Aaj News

بدھ, مئ 22, 2024  
13 Dhul-Qadah 1445  

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں پاک برطانیہ علاقائی استحکام کانفرنس کا انعقاد

پاک برطانیہ اسٹیبلائزیشن کانفرنس دفاعی، سیکیورٹی ڈائیلاگ ہے، آئی ایس پی آر
شائع 01 مئ 2024 10:00am

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں پاک برطانیہ علاقائی استحکام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کلیدی خطاب کیا۔

کانفرنس میں برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف سرپیٹرک سینٹدرز اور نامزد برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف رولنڈوالکر بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں مختلف شعبوں میں ماہرین، دفاعی حکام، دانشوروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک برطانیہ سٹیبلائزیشن کانفرنس دونوں ممالک کے درمیان اہم دفاعی ڈائیلاگ ہے، کانفرنس کیلئے برطانیہ کا 30 رکنی وفد 29 اپریل سے 3 مئی تک پاکستان کا دورہ کررہا ہے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ برطانوی وفد کی قیادت اسٹینڈنگ جوائنٹ فورس کمانڈر میجر جنرل ٹام بیٹ مین کررہے ہیں، کانفرنس میں عالمی ،علاقائی امور سمیت قومی سلامتی ،علاقائی امن واستحکام پر بات ہوگی۔

کانفرنس میں آرمی چیف کی برطانوی موجودہ اور نامزد چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے دو طرفہ فوجی تعلقات بڑھانے میں جنرل پیٹرک سینڈرز کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔

ISPR

pakistan army

General Asim Munir