Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کی فائنلسٹ ٹیمیں کل پھر ٹکرانے کو تیار

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا جائے گا
شائع 21 مئ 2024 10:58pm

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کی فائنلسٹ ٹیمیں کل پہلے ٹی 20 میں مدمقابل ہوں گی، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

چار میچوں کی سیریز کے بقیہ تین میچز میں دوسرا 25 مئی کو ایجبسٹن برمنگھم، 28 مئی کو کارڈف اور 30 مئی کو دی اوول لندن میں ہوگا۔

سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے لیے روانہ ہوں گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کا فائنل تھا۔ میلبرن میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے تھی جس میں سیم کرن 12 رنز کے عوض 3 وکٹوں کی کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔

انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز سے قبل آل راؤنڈر عماد وسیم کا دبنگ بیان سامنے آگیا

گزشتہ ہفتے ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز دو ایک سے جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم ہیڈنگلے میں مکمل طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں شاہین آفریدی پلیئر آف دی سیریز رہے تھے جبکہ دونوں کامیابیوں میں محمد رضوان اور شاہین آفریدی پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں انگلینڈ نے 19 میچز جیتے ہیں، پاکستان 9 میچ جیتا ہے جبکہ ایک میچ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز انگلینڈ نے چار تین سے اپنے نام کی تھی۔

پاکستان ٹیم کے وائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے 19 مئی کو اپنے دو سالہ دور کی پہلی اسائنمنٹ کےلیے ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم جو 46 فتوحات کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے کامیاب کپتان ہیں، کہتے ہیں مجھے یقین ہے کہ پاکستان آئرلینڈ کی سیریز سے جیت کے مومینٹم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی برقرار رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈبلن میں ہماری دو ایک کی فتح نے ہمارے بیٹرز اور بولرز کی صلاحیتوں کو ظاہر کیا، ساتھ ہی ہمیں سیکھنے کا موقع بھی فراہم کیا کیونکہ ہم اپنے شعبوں میں بہتری کےلیے کام کرنا چاہتے ہیں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے ہیڈنگلے میں اہم ٹریننگ سیشنز کیے ہیں اور ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھی اب اسکواڈ کے ساتھ موجود ہیں اور اب ہماری پوری توجہ اس سیریز اور اس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہے۔

محسن نقوی پاک انگلینڈ ٹی 20 سیریز کا آخری میچ دیکھیں گے

دوسری جانب پاک انگلینڈ ٹی 20 سیریز کا آخری میچ دیکھنے کے لیے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی 28 مئی کو انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

بابراعظم قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی مسلسل انجریز پر بول پڑے

چئیرمین پی سی بی محسن نقوی اوول کے تاریخی میدان میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 30 مئی کو ہونے والا آخری میچ دیکھیں گے۔

سیریز کے بعد محسن نقوی کچھ عرصہ انگلینڈ میں قیام کریں گے، جہاں وہ اپنے ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے۔

محسن نقوی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے امریکا بھی جائیں گے اور نیویارک میں 9 جون کو ہونے والا پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا بھی دیکھیں گے۔

PCB

lahore

Pakistan Cricket Team

t20 series

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

pak vs england

pakistna vs england