Aaj News

جمعرات, اکتوبر 03, 2024  
28 Rabi ul Awal 1446  

فیکٹ چیک: گوادر بندرگاہ پر لاکھوں افراد کے احتجاج کی وائرل تصویر کی حقیقت کیا؟

مذکورہ پوسٹ کو 16 ہزار سے زائد بار شئیر کیا گیا جبکہ سات ہزار سے زائد تبصرے بھی کیے گئے۔
شائع 02 اگست 2024 08:03pm

سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیسبک پر 27 جولائی 2024 کو ایک تصویر اپ لوڈ کی گئی جس میں ایک ساحل سمندر کے قریب ایک برج پر لاکھوں افراد کا مجمع دکھایا گیا۔

یہ تصویر ایک نیوز پیج کی جانب سے شئیر کی گئی تھی جس کے کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ “ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی قیادت میں کارواں گوادر بندرگاہ کے ساتھ آج رات کی خوبصورت تصویر۔ “

مذکورہ پوسٹ کو 16 ہزار سے زائد بار شئیر کیا گیا جبکہ سات ہزار سے زائد تبصرے بھی کیے گئے۔

تصویر کو غور سے دیکھا جائے تو ساحل سمندر کے قریب ایک بریج پر لاکھوں کا ہجوم جمع ہے اور درمیان میں تین سے چار گاڑیاں مجمعے کے درمیان پھنسی ہوئی ہیں۔

یہ تصویر پاکستان کے جنوب مغربی شہر گوادر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) مظاہرین کے طور پر سامنے آئی ہے، 27 جولائی سے مبینہ حقوق کی خلاف ورزیوں، بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور وسائل کے غیر منصفانہ استحصال کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

اسی تصویر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر جھوٹے دعووں کے ساتھ یہاں اور یہاں بھی شیئر کیا گیا۔

لیکن جب اس تصویر کا فیکٹ چیک کیا گیا تو سوشل میڈیا صارفین کے سامنے اس کی حقیقت واضح ہوئی۔

فیکٹ چیک:

گوگل پر ایک ریورس امیج سرچ میں یہی تصویر ملی جو بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی جیت کے بعد 5 جولائی 2024 کو ممبئی میں کی گئی وننگ پریڈ کی تھی۔

واضح رہے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں بھارت جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر 17 سال بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی چیمپیئن بنا تھا۔

Fact Check

Mahrang Baloch

balochistan rally

india victory parade