Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
30 Jumada Al-Awwal 1446  

پی آئی اے کی خریداری: مریم اورنگزیب کی نواز شریف کے دعوے کی تردید

اس خبر میں کوئی حقیقت نہیں، مریم اورنگزیب
شائع 03 نومبر 2024 06:13pm

پنجاب حکومت میں سینیئر وزیرمریم اورنگزیب نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی خریداری سے متعلق نواز شریف کے دعوے کے تردید کردی ہے۔

لاہور میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس خبر میں کوئی حقیقت نہیں کہ پنجاب حکومت پی آئی اے کو خرید رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز چاہتی ہیں کہ پی آئی اے کو خرید کر ایئرپنجاب کے نام سے سروس شروع کی جائے۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ میں نے مریم نواز کو مشورہ دیا کہ آپ پی آئی اے کو خرید لیں یا نئی ایئرلائن بھی شروع کی جاسکتی ہے۔ اب اس حوالے سے غور و خوض جاری ہے۔

نجکاری کا عمل جاری ہے، میری ذمہ داری پی آئی اے ٹھیک کرنا نہیں اسے بیچنا ہے، عبدالعلیم خان

دوسری جانب امریکا سے لندن واپس پہنچنے پر آج ایک بار پھر نواز شریف نے کہا کہ مریم نواز سے پی آئی اے کی خریداری پر جو بات ہوئی اس پر مزید کام کا ارادہ ہے، تاہم سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب ایسے دعوؤں کی تردید کررہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ پی آئی اے کو خریدنے کے بجائے پنجاب ایئرلائن کے نام سے نئی ایئرلائن شروع کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب ایئرلائن کی فزیبیلٹی پر کام شروع کردیا گیا ہے، یہ ایئرلائن پرائیویٹ سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر لائی جائے گی۔

Nawaz Sharif

Maryam Nawaz

Marriyum Aurangzeb

PIA