Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
30 Jumada Al-Awwal 1446  

جو بھی ہتھیار اٹھائے گا وہ دہشت گرد کہلائے گا، علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا دورہ کوہاٹ، کرم معاملے پر گرینڈ جرگے میں شرکت اور خطاب
اپ ڈیٹ 30 نومبر 2024 06:13pm

وزیر اعلی خیبر پختونخواعلی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جو بھی امن خراب کرے گا اس کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک کیا جائے گا، صوبائی حکومت کی درخواست پر علاقے میں قیام امن کے لئے فوج تعینات ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈاپور نے کوہاٹ کا دورہ کیا ، کرم کے معاملے پر قائم گرینڈ جرگے میں شرکت اور خطاب بھی کیا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دہشت گردوں کا انجام جہنم ہے، جو بھی ہتھیار اٹھائے گا وہ دہشت گرد کہلائے گا،
فوج، پولیس اور انتظامیہ علاقے میں پائیدار امن کے لئے مربوط کوششیں کر رہے ہیں۔

وفاق خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگاتا ہے تو میں کیوں روکوں؟ فیصل کریم کنڈی

وزیر اعلی کے پی نے حکام کو ہدایت کی کہ علاقے میں قائم تمام کے تمام مورچے بلا تفریق ختم کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی علاقے میں امن خراب کر رہے ہیں، مقامی کمیونٹی انکی نشاندہی کرے، گرینڈ جرگہ مکمل امن تک علاقے میں رہے گا، صوبائی حکومت ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سیاسی اختلافات اپنی جگہ، علاقے میں قیام امن کے لئے وفاقی حکومت ہمیں ایف سی کی پلاٹونز فراہم کرے۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ علاقے میں لوگوں کے پاس موجود بھاری اسلحہ فوری جمع کیا جائے، فریقین کے درمیان نفرت کی فضا ختم کرنے کے لئے عمائدین اپنا کردار ادا کریں۔

وزیر اعلی کے پی نے کہا کہ علاقے کے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے لئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جائیں، صوبائی حکومت بے گھر افراد کی باعزت واپسی یقینی بنائے گی۔

KPK

cm kpk

KPK Government