Aaj News

منگل, جنوری 14, 2025  
13 Rajab 1446  

علیمہ نے عمران کو تُرپ کا پتّہ شو کرنے سے روک دیا، جیل میں بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ سے الجھ پڑیں

ہمیں معلوم ہے کون سا کارڈ بانی پی ٹی آئی نے دکھانا ہے، علیمہ خان
اپ ڈیٹ 05 دسمبر 2024 05:40pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی نے کہا آج میں کارڈ دکھانے لگا ہوں، ہم نے بانی پی ٹی آئی کو کہا کہ آپ کارڈ نہ دکھائیں۔

علیمہ خان نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کون سا کارڈ بانی پی ٹی آئی نے دکھانا ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ 9 مئی کیس میں فرد جرم سب پر لگا دیں تو اچھا ہوگا، ہمیں معلوم ہے جتنا نقصان ہورہا ہے، جیلوں میں لوگوں کو چھپایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے شہادتوں کا نام و نشان غائب رکھا جائے، پاکستان میں گمشدہ افراد کا ہمیں معلوم ہے۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی عیادت کرنے وکلاء کو پہلے جانا چاہیے، زخمیوں کے گھروں میں دھمکیاں جارہی ہیں کہ گواہی نہ دیں۔

بیرسٹر گوہر سے تکرار

علیمہ خان کی چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا سے ڈی چوک میں احتجاج کے دوران کارکنان کی اموات کی تعداد کم بتانے پر تکرار بھی ہوئی۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی سماعت کے دوران علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر سے کہا آپ نے 12 شہادتیں ہی کیوں بتائیں؟ بیرسٹر گوہر خان 12 شہادتوں کی تعداد پر ڈٹے رہے اور کہا کہ ہمارے پاس جو تفصیلات ہیں اس میں بغیر تصدیق کے کیسے اضافہ کرسکتے ہیں؟

علیمہ خان نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے ہمارے کتنے لوگ لاپتا ہیں؟ بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہم نے ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو اس پر کام کررہی ہیں۔

علیمہ خان سے تکرار کے دوارن پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجا بھی بیرسٹر گوہر خان کی حمایت کرتے رہے۔

بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی تمام تر تفصیلات اکٹھی کرنے میں لگی ہوئی ہے، یقین کریں پارٹی اس معاملے کو ایسے ہی نہیں جانے دے گی۔

بیرسٹر گوہر نے غیر مصدقہ شہادتوں کی تعداد نشر کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس 12 شہادتوں کے علاوہ کوئی مصدقہ شہادت نہیں، میں کیسے کہہ دوں کہ سیکڑوں لوگ شہید ہوئے ہیں۔

علیمہ خان نے سوال کیا کہ آپ یہ بتائیں آپ کس کس شہید اور زخمی کے گھر گئے؟

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ سے پوچھیں وہ کنٹینر سے گرنے والے کارکن کے گھر گئے تھے۔

سلمان اکرم راجہ نے علیمہ خان سے کہا جو کارکنان عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں خدا کیلئے ان کو لاپتا نہ کہیں۔

imran khan

Aleema Khan

Adiayala Jail