پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر عام تعطیل ہے جبکہ سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر تقریبات، ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے، جبکہ حق خودارادیت بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے۔
صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور اقوام متحدہ کو کشمیریوں سے کیے گئے وعدے کا احترام کرنا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کشمیری خوف اور دہشت کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں، اور پاکستان ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دے، جبکہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف آج مظفرآباد کا دورہ بھی کریں گے، جہاں وہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے، اجلاس کی صدارت اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف یادگار شہدا پر پھول چڑھائیں گے اور حریت رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان لازوال رشتوں کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموں و کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوگا۔
وفاقی وزراء کا یوم یکجہتی کشمیر پر اظہار یکجہتی، بھارت کے مظالم کی مذمت
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وفاقی وزراء نے اپنے بیانات میں کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارت کے مظالم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزراء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا قتل عام کر رہا ہے، اویس لغاری
وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا قتل عام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے جبکہ بچے، بوڑھے اور جوان بھارتی ظلم کا شکار ہو رہے ہیں۔
اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے، وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع 1947 سے ایک حل طلب مسئلہ ہے اور اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، عطا تارڑ
وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بھارت کی قابض حکومت کے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کی جاتی رہے گی۔
پاکستان کشمیری عوام کے حق میں ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا، احسن اقبال
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق آزادی کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں، ہم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیری عوام پر ظلم و ستم جاری رہے گا، پاکستان کبھی خاموش نہیں رہے گا اور ہر سطح پر ان کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا۔
کشمیری عوام بھارتی ظلم و ستم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے، رانا ثناء اللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی ظلم و ستم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ بھارتی حکومت ظلم و بربریت کی مرتکب ہو رہی ہے اور کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھنا ایک سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
وزراء نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان ہر ممکن سفارتی، سیاسی اور اخلاقی کوششیں جاری رکھے گا اور عالمی برادری کو اس مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
Comments are closed on this story.