Aaj News

منگل, مارچ 25, 2025  
25 Ramadan 1446  

صوابی میں پی ٹی آئی کا جلسہ، علی امین گنڈاپور کا سپہ سالار کو پیغام

مقامی قائدین کا اسلام آباد میں ڈی چوک پر جا کر احتجاج کا مطالبہ
اپ ڈیٹ 08 فروری 2025 09:08pm
صوابی میں پی ٹی آئی کا جلسہ
صوابی میں پی ٹی آئی کا جلسہ

وزیراعلٰی خیبرپختون خوا علی امین گنڈا پور نے صوابی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سپہ سالار کو پیغام دیتا ہوں کہ ہمارے صوبے میں دہشت گردی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنی ہے تو ہمیں ایک ہونا پڑے گا، چوروں کا ساتھ چھوڑدیں۔

صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسے میں مبینہ دھاندلی کےخلاف قرارداد پیش کی گئی۔ جلسے میں مہنگائی اوراحتجاج پر پابندی کی مذمت ۔ سیاسی قیدیوں کی غیرمشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا، بیرسٹرگوہر، سلمان اکرم راجا سمیت رہنماؤں نے خطاب میں آئینی ترمیم اورپیکا ترمیمی قانون مسترد کر دیا۔

جلسے کے آغاز میں شرکا سے خطاب کے دوران مقامی قائدین نے اسلام آباد میں ڈی چوک پر جا کر احتجاج کا مطالبہ کیا جس پر شرکا کی جانب سے ’ڈی چوک، ڈی چوک‘ کے نعرے لگائے گئے۔

صوابی جلسے میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، وزیراعلٰی کے پی علی امین گنڈا پور، عمرایوب، علی محمد خان، شعیب شاہین، فیصل جاوید، عامر مغل، محمود خان اچکزئی اورشیرافضل مروت نے خطاب کیا۔

عامرمغل کے نام پر ’لوٹا لوٹا‘ کے نعرے لگ گئے۔ اسی طرح مزید رہنماؤں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تو ’ڈیزل، ڈیزل‘ کے نعرے سننے میں آئے۔

صوابی جلسے میں عمران خان کے خطاب کے نام پر پرانی ویڈیو چلا دی گئی جس میں وہ صوابی میں ہی جلسے سے خطاب کر رہے ہیں۔ اپنے خطاب میں عمران خان نے نواز شریف اور آصف علی زرداری پر الزامات عائد کیے۔

جلسے کے دوران فیصل جاوید کے کہنے پر شرکا نے ’اووو، اووو‘ کی آوازیں بھی بلند کیں۔

شیخ وقاص اکرم کا خطاب

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آٹھ فروری کو آپ کے مینڈیٹ پرڈاکہ ڈالا گیا، وہ ڈاکہ پاکستان کی انتخابی تاریخ کا بڑا ڈاکہ تھا۔ جو لوگ مرکزاور پنجاب میں حکومت کر رہے ہیں ان کے خلاف آپ کے ووٹ کی آپ کے قائد نے حرمت کا علم بلند کیا ہے۔

جلسے سے خطاب میں پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ 8 فروری کے الیکشن چرائے گئے اور اس پر ہمیشہ یوم سیاہ منایا جائے گا، انہوں نے کہاکہ الیکشن چوری کرنے کا مقصد 26 ویں ترمیم تھا تاکہ ججوں کو کنٹرول کیا جا سکے۔

سابق وفاقی وزیرنورالحق قادری نے جلسے سے خطاب میں وفاقی حکومت کو مغلظات بکنا شروع کردیں اور اسٹیج پر موجود افراد کے اصرار پر اپنی بات دہرائی بھی۔

اسد قیصرکے ’گو شہباز‘ اور ’اووو‘ کے نعرے

رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جعلی وزیراعظم ہمیں منظور نہیں ہے، جب بھی قائدعمران خان نے کہا تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔ جب بھی مشکل وقت آتا ہے عمران خان صوابی کا انتخاب کرتا ہے، عمران خان کو صوابی کے لوگوں پراعتماد ہے۔

اسد قیصد نے ’گو شہباز‘ اور ’اووو‘ کے نعرے لگوائے اورخطاب میں کہا کہ الیکشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ تاہم ان کا خطاب انتہائی مختصرتھا جس کے آخر میں انہوں نے تمباکو ٹیکس کے حوالے سے کاشتکاروں کو یقین دہانی بھی کرائی۔

سابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصرنے خطاب شروع کیا تو ایک نوجوان اسٹیج کے اوپر پول پر چڑھ گیا جسے اتارنے کی ناکام کوشش کے بعد اسد قیصر نے اپنا خطاب اپنی بات دوبارہ شروع کیا۔

تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کو خطاب کی دعوت دی گئی تو انہوں نے سب سے پہلے پول پر چڑھے نوجوان کو اتارنے کی کوشش کی اور اسے کہا کہ وہ نیچے اترے گا تو لوگ پرزور تالیاں بجائیں گے۔ جنید اکبر کے کہنے پر نوجوان پول سے اترآیا۔

جنید اکبر کا خطاب

صدرپی ٹی آئی خیبرپختون خوا جنید اکبراسٹیج پرخطاب کے لیے آئے تو آغازمیں بھی ’ڈی چوک‘ کے نعرے لگے۔ جنید اکبر نے کہاکہ عمران خان کی کال پر جلسہ ان لوگوں کو پیغام ہے جو کہہ رہے تھے پی ٹی آئی کے ورکرز ڈر گئے اور تھک گئے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جب بھی کال دی پہلے کی تعداد پر حاضر ہوں گے۔

جنید اکبر پہلے مقرر تھے جنہوں نے اداروں کو منتخب کیا اورکہاکہ اس مرتبہ گولیوں کیلئے تیاری کے ساتھ آئیں گے۔عوام اوراداروں کے درمیان بڑے فاصلے ہیں جو ملک کے لیے خطرناک ہیں۔ جنید اکبرسے لوگوں نے یہ بھی پوچھا کہ اس جلسے میں کون ہے جو گولی کھانے کیلئے تیار ہے۔

صدرپی ٹی آئی کے پی نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں نے ہمیں سپورٹ کیا، وہ اس وقت تک پاکستان ترسیلات زر نہ بھیجیں جب تک پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہ ہو۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ترسیلات زر روکنے کی کال کے باوجود گذشتہ مہینوں میں ترسیلات زر میں بہتری آئی ہے۔

جنید اکبر نے کارکنوں سے وعدہ لیا کہ جب عمران خان نے دوبارہ کال دی وہ پہلے سے زیادہ تعداد میں احتجاج میں شرکت کریں گے۔

بیرسٹرگوہرکا خطاب

جلسے سے خطاب میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے عدلیہ کی آزادی اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی بات کی۔

بیرسٹر گوہر نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کی مختصر تاریخ بیان کرتے ہوئے کہاکہ اس کے باوجود کچھ نہیں ہوا۔ ہم فوج کی قربانیوں کا برملا احترام کرتے ہیں، لیکن عوام کی خلیج نہیں بڑھنی چاہیے، راستہ نکالنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے محب وطن ہیں انہیں اقلیت نہ سمجھا جائے، پاکستان کی سیاست عمران احمد خان نیازی کے بغیر ناممکن ہے۔ جتنے کیسز بنانے تھے بنا چکے، جو سزائیں دینی تھی دے دیں۔

محمود خان اچکزئی کا خطاب

محمود خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم یہاں کسی کو گالیاں دینے یا برا بھلا کہنے کیلئے نہیں آئے ہیں، ہم پاکستان کی ترقی اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔

محمود اچکزئی نے کہاکہ یہ ملک ہماری بدکاریوں اور رشوت کی وجہ سے ڈوب رہا ہے، عمران خان کی پارٹی آگے بڑھے تو جھوٹوں بے ایمانوں کی حکومت تین ماہ بھی نہیں چل سکتی۔

سلمان اکرم راجہ کا خطاب

سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ وہ جلسے کے شرکا کے لیے عمران خان کا پیغام لے کر آئیں گے کہ فتح ہماری ہے، ہم 8 فروری کو جیتے تھے اور ہم آج بھی جیتے ہوئے ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے کہ یہ ایک منظم پارٹی ہے، اس میں عمران خان کی بات مقدم ہے، اس پارٹی میں کوئی نفاق نہیں ہوگا کوئی بدتمیزی نہیں ہوگی۔ آپ پاکستان کا مقدر ہو آپ نے عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنا ہے۔

علی امین گنڈاپورکا خطاب

وزیراعلٰی کے پی علی امین گنڈا پور کو خطاب کی دعوت دی گئی اور وہ اسٹیج پر آئے لیکن ان سے پہلے شیر افضل مروت نے مائیک سنبھال لیا اور کہاکہ ہم برے لوگ ہیں برے وقت پر کام آتے ہیں، میری زبان علی امین گنڈا پور بولیں گے۔

علی امین گنڈاپورنے اپنے خطاب میں کہاکہ سب سے پہلے میں سن رہا ہوں کہ آپ ’اووو‘ کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ یہ نعرہ ان کے لیے جن کے لیے انسانیت ہو۔ جن میں انسانیت نہ ہو ون کے لیے نعرہ ہے ’تھووو‘۔

انھوں نے کہا کہ ہم تک ہم نے یہ سبز رنگ ہاتھوں میں تھاما ہوا ہے لیکن یہ رنگ بھی ہے خون کا رنگ، تم برداشت نہیں کر سکو گے۔

’خون کا بدلہ خون‘ کے نعرے

وزیراعلٰی خیبرپختون خوا نے کہا کہ جب ہم انقلاب کا نعرہ لگائیں گے اور یہ رنگ تھام لیں گے تم برداشت نہیں کر سکو گے۔

علی امین گنڈاپور کا دعویٰ تھا کہ پاکستان کے عوام کو شہباز شریف حکومت بھڑکا رہی ہے۔ اگر تم ہمارے ٹیکس کے پیسے سے لیے گئے ہتھیار کو ہمارے اوپر استعمال کرو گے تو ہتھیار ہمارے پاس بھی ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں سپہ سالار کو پیغام دیتا ہوں کہ ہمارے صوبے میں دہشت گردی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنی ہے تو ہمیں ایک ہونا پڑے گا، چھوڑ دو چوروں کا ساتھ۔۔

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں آئین کی بالادستی مانگتے ہیں جو ہمارے راستے میں آئے گا ہم لڑیں گے، مریں گے۔

صوابی میں پی ٹی آئی کا جلسہ ایک گھنٹے سے کچھ زیادہ وقت جاری رہا اور شام 6 بجے ختم ہوگیا۔

پنجاب میں پی ٹی آئی کی ریلیاں

پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال پرلاہورکےمختلف حلقوں میں رہنماؤں نےریلیاں نکالیں۔ صدرپی ٹی آئی پنجاب حماد اظہرنےاحتجاجی ریلی میں شرکت کی۔کارکنان کی بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوئی۔

پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کےپارلیمانی لیڈرعلی امتیاز وڑائچ کی زیراہتمام والٹن روڈ پرریلی نکالی گئی جس میں علی امتیاز وڑائچ کا کہنا تھا کہ آج کےدن پی ٹی آئی کےمینڈیٹ پر ڈاکہ مارا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کےحکم پریوم سیاہ منا رہےہیں۔ جلد بانی پی ٹی آئی عدالتوں کے ذریعے سرخرو ہونگے۔

رکن پنجاب اسمبلی فرخ جاوید مون نےبھی پی پی 161 میں ریلی نکالی۔ کارکنان نے فرخ جاوید مون کی قیادت میں ریلی میں شرکت کی۔

گذشتہ روزاسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کیسز کی صورت میں ہم پر تلوار لٹکائی ہوئی ہے، صوابی جائیں گے اور آواز بلند کریں گے، ہمارا کوئی انتشار یا ٹکراؤ کا ارادہ نہیں۔

پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ان کا گمان یہی ہے کہ مولانا عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے مگر پی ٹی آئی آئین اور عدلیہ کے لیے اصولوں پر کھڑی ہے جو ساتھ چلتا ہے چلے، ورنہ پی ٹی آئی اکیلے ہی آگے بڑھے گی۔

اس سے قبل تحریک انصاف نے 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسے کے لیے درخواست دی تھی جسے ڈپٹی کمشنر نے مسترد کرتے ہوئے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

اسلام آباد

PTI jalsa

swabi

salman akram raja

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Swabi Jalsa