سپریم کورٹ میں سات ججز اور ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی حلف برداری ملتوی
اسلام آباد: وفاقی وزارت قانون و انصاف نے سپریم کورٹ میں سات نئے ججز اور مختلف ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی تقرری کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں، لیکن مذکورہ ججز اور چیف جسٹسز کی جمعرات کو ہونے والی حلف برداری ایک دن کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں نئے ججز کی آج ہونے والی تقریب حلف برداری ملتوی کر دی گئی ہے، نئے ججز کی تقریب حلف برداری اب جمعہ کو ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حلف برداری تقریب ججز کے نوٹیفیکیشن میں تاخیر کی وجہ سے ملتوی کی گئی، وزارت قانون کی جانب سے نئے ججز کے تقرر کا نوٹیفیکیشن رات گئے جاری کیا گیا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس محمد شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پہنور، جسٹس شکیل احمد، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سپریم کورٹ میں تقرری کی منظوری دے دی گئی ہے۔
مزید برآں، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ میں قائم مقام جج کے طور پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
ہائی کورٹس کے قائم مقام چیف جسٹسز کی تقرری کے حوالے سے بھی نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں، جن کے مطابق جسٹس اعجاز سواتی کو بلوچستان ہائی کورٹ، جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ، جسٹس جنید غفار کو سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو پشاور ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کر دیا گیا ہے۔
یہ تمام قائم مقام چیف جسٹسز مستقل چیف جسٹس کی تقرری تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
سپریم کورٹ کے سات نئے ججز سے آج صبح نو بجے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی حلف لیں گے۔
Comments are closed on this story.