مسلم امہ دہشت گردی کو شکست دے کر ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرے، محمد آظمی الحامد
سربراہ ملائیشین اسلامی تنظیم محمد آظمی الحامد نے کہا ہے کہ مسلم امہ کو انتہاپسندی اور دہشت گردی کو شکست دے کر ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا پڑے گا، پاکستان انڈونیشیا کے بعد دوسرا بڑا اسلامی ملک ہے، پاکستان انسانی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، پاکستان میرے جسم اور خون میں شامل ہے، کشمیر ایک خوبصورت جگہ ہے، اقوام متحدہ اور عالمی قوتوں کو چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کریں۔
آج ٹی وی کے پروگرام ’روبرو‘ کے میزبان شوکت پراچہ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد آظمی الحامد نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک مضبوط ملک بنے، پاکستان اور ملائیشیا کے برادرانہ تعلقات ہیں، ہم چاہتے ہیں دونوں ملکوں کے مابین بھائی چارے کی فضا ہمیشہ قائم رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری آزادی کو 67 برس ہوچکے ہیں، قوموں کی ترقی میں کئی چیزیں ہوتی ہیں، ہم اتنے امیر نہیں ہیں تاہم ہمارے پاس قدرتی وسائل موجود ہیں، ہم نے اپنی زراعت اور انڈسٹری کو بہتر بنایا ہے، اور ہم انسانی ارتقا کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
سربراہ ملائیشین اسلامی تنظیم کا کہنا تھا کہ ملائیشیا میں تقریبا 67فیصد مسلمان ہیں، 20 فیصد بدھ مت ہیں اور اس کے بعد ہندو ودیگر مذاہب کے لوگ موجود ہیں جو ملکی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔
محمد آظمی الحامد نےکہا کہ افغانستان اس وقت مشکل صورت حال سے دوچار ہے، ملائیشیا ان کے ساتھ مل کر ان کی معاشی ترقی کے لئے کام کررہا ہے، مجھے ان کی باتیں مناسب لگتی ہیں، ہم کابل سے کہیں گے کہ وہ سرحد سے دہشت گردوں کے دخل اندازی بند کرائے اور پڑوسی ملک پاکستان سے اپنے تعلقات بہتربنائے۔
Comments are closed on this story.