راولپنڈی میں افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کے خلاف کارروائیاں، درجنوں افراد کیمپ منتقل
راولپنڈی میں افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اب تک 1017 افراد کو تحویل میں لے کر مختلف کیمپوں میں منتقل کیا جا چکا ہے، جب کہ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کر رہی ہیں اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی شناخت کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ اب تک 47 افراد کو کیمپ سے افغانستان واپس بھجوایا جا چکا ہے، جب کہ ان کارڈ ہولڈر افراد کے خاندانوں کو بھی تحویل میں لے کر کیمپ منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی، غیر ملکی اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کے انخلاء کا سلسلہ جاری ہے۔ 14 اپریل کو 5,696 سے زائد افغان شہری رضاکارانہ طور پر وطن واپس روانہ ہوئے۔ اب تک وطن واپس جانے والے افغان باشندوں کی تعداد 954,566 ہو چکی ہے۔
حکومت پاکستان نے واضح کیا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران کسی غیر ملکی یا افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے فرد سے بدسلوکی نہیں کی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے کیمپوں میں مقیم افراد کو خوراک، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد غیر قانونی قیام کا خاتمہ اور ملکی سیکیورٹی کے تقاضوں کو یقینی بنانا ہے، جبکہ تمام اقدامات انسانی وقار اور بین الاقوامی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔