Aaj News

پیر, اپريل 28, 2025  
29 Shawwal 1446  

پاکستان پر 29 فیصد ٹرمپ ٹیرف پر بات چیت کا امکان، وزیر خزانہ امریکہ جائیں گے

وزیر خزانہ کے دورہ امریکا کا بنیادی مقصد آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت ہے
اپ ڈیٹ 15 اپريل 2025 01:52pm

پاکستان کی معاشی ٹیم رواں ماہ امریکہ میں ہونے والے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کرے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب 21 اپریل کو اجلاسوں میں شرکت کے لیے واشنگٹن روانہ ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر خزانہ ان اجلاسوں کے دوران آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ پاکستان کے جاری مالیاتی تعلقات کے علاوہ، برآمدات پر عائد مجوزہ 29 فیصد ٹرمپ ٹیرف کے اثرات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔

پاکستان کو نئی امریکی ٹیرف تجاویز کے تناظر میں شدید معاشی دباؤ کا سامنا ہے، اور وزیر خزانہ کی امریکی حکام سے ممکنہ ملاقاتوں میں اس حوالے سے تشویش سے آگاہ کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں، ذرائع کے مطابق وزیر تجارت جام کمال خان کی سربراہی میں ایک الگ تجارتی وفد بھی واشنگٹن جائے گا، جو امریکی حکام کے ساتھ ٹیرف سمیت دیگر تجارتی امور پر بات چیت کرے گا۔

ان سالانہ اجلاسوں میں دنیا بھر سے مالیاتی رہنما، مرکزی بینکوں کے گورنرز، اقتصادی ماہرین اور عالمی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اجلاس پاکستان کو امریکی ٹیرف کے حوالے سے بین الاقوامی ردعمل کا جائزہ لینے اور اپنے تحفظات اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

Muhammad Aurangzeb

Trump tariffs

Minister finance