چین نے انسداد دہشتگردی مؤقف پر پاکستان کی حمایت کا اعلان کردیا
چین نے ایک بار پھر پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے مؤقف کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے پاکستانی ہم منصب اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا کہ چین انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر طرح کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے پس منظر میں چینی وزیر خارجہ کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے اور خطے میں کشیدگی کا خواہاں نہیں ہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ چین جنوبی ایشیا میں پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور چین اس جدوجہد میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دے گا۔
وزیرخارجہ کا برطانوی ہم منصب سے رابطہ، بھارتی پروپیگنڈے اور یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کردیا
وانگ یی نے مزید کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور سلامتی کو یقینی بنانے میں اس کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اسلام آباد کو یقین دلایا کہ چین پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ چین کی یہ حمایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پہلگام حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں تیزی آئی ہے۔ چین نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کی تمام اقسام کی مخالفت کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
Comments are closed on this story.