Aaj News

پیر, جون 16, 2025  
19 Dhul-Hijjah 1446  

زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری معیشت کیلئے مثبت ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

روایتی بینکاری سے اسلامی بینکاری کی جانب منتقلی ایک اہم پیشرفت ہے جو معیشت کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی، گورنر اسٹیٹ بینک
شائع 20 مئ 2025 01:02pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہا ہے کہ ملک میں اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور اسلامک بینکنگ کانفرنس کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روایتی بینکاری سے اسلامی بینکاری کی جانب منتقلی ایک اہم پیشرفت ہے جو معیشت کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

جمیل احمد کا کہنا تھا کہ تین سال قبل پاکستان کی معیشت کو شدید چیلنجز کا سامنا تھا، تاہم حکومت اور اسٹیٹ بینک کے بروقت اقدامات کے باعث معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارچ میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 0.7 فیصد پر آگئی تھی جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔

کرپٹو کرنسی پر شرعی رہنمائی کی کمی ہے، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ 2022 میں پاکستان پر غیر ملکی قرضہ 100 ارب ڈالر تھا، مگر گزشتہ تین سالوں کے دوران بڑی حد تک قرضہ اتارا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے استحکام سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانی ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔

اسلامی بینکاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جمیل احمد نے بتایا کہ مارچ 2025 تک اسلامی بینکوں کے مجموعی اثاثے 11,300 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ اسلامی بینکوں کے ڈپازٹس 8,400 ارب روپے سے زائد ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اسلامی بینکنگ برانچز کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

اپریل میں کرنٹ اکاؤنٹ 1 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سرپلس رہا، اسٹیٹ بینک

گورنر اسٹیٹ بینک نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلامی بینکاری کے نظام کو مزید وسعت دے کر معیشت کو اسلامی اصولوں پر استوار کیا جا سکے گا۔

economy

governor state bank

Foreign Exchange

Islamic Banking

bank deposits

Foreign debt

statebank

reserves