Aaj News

اتوار, جون 15, 2025  
18 Dhul-Hijjah 1446  

سیاحت کیلئے گلگت جانے والے گجرات کے چار نوجوان لاپتہ: گاڑی کا راستے میں کوئی سراغ نہ مل سکا

پولیس نے لاپتہ نوجوانوں کی تلاش کا دائرہ وسیع کر دیا
شائع 22 مئ 2025 12:45pm

سیاحت کی غرض سے پنجاب کے شہر گجرات سے گلگت بلتستان جانے والے چار نوجوان گلگت سے سکردو جاتے ہوئے پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے ہیں۔ لاپتہ ہونے والوں میں سلیمان، واصف شہزاد، عمر احسان اور عثمان شامل ہیں، جو چند روز قبل اپنی سفید رنگ کی ہونڈا سیوک (نمبر 805-ANE) پر گلگت اور ہنزہ پہنچے تھے۔ 15 مئی کی رات وہ گلگت کے علاقے دنیور سے سکردو روانہ ہوئے، لیکن اس کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

اہل خانہ کے مطابق نوجوانوں کا آخری بار رابطہ گلگت (دنیور) کے مقام سے ہوا، جہاں انہوں نے محسن لاج میں قیام کیا۔ 16 مئی کو صبح وہ سکردو کے لیے روانہ ہوئے، لیکن تب سے ان کے موبائل فون بند ہیں اور نہ ہی کسی عزیز یا دوست سے ان کا کوئی رابطہ ممکن ہو سکا۔

بحیرہ عرب میں طوفان بننے کا خدشہ، پاکستانی ساحلوں کو کتنا خطرہ؟

ایس ایس پی گلگت ظہور احمد کے مطابق پولیس نے لاپتہ نوجوانوں کی تلاش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ گلگت سے سکردو جانے والے راستے پر قائم تمام چیک پوسٹس، اسپیشل برانچ اور مقامی تھانوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ تاہم اب تک کوئی واضح سراغ نہیں ملا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دمبود چیک پوسٹ سمیت مختلف مقامات پر چیکنگ کے باوجود اس گاڑی کی کوئی موجودگی رپورٹ نہیں ہوئی، جس سے شبہ ہے کہ نوجوانوں کو راستے میں کسی حادثے یا دشوار صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے۔

اہلِ خانہ اور دوستوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کٹھن وقت میں ان کا ساتھ دیں اور اگر کسی کو لاپتہ نوجوانوں یا ان کی گاڑی کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا نیچے دیے گئے نمبرز پر اطلاع دیں۔

سیاحوں کے لیے خوشخبری: شاہراہِ کاغان بابوسر ٹاپ تک بحال

لاپتا نوجوانوں میں سے ایک کے والد نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی مدد کی اپیل کی ہے۔

دنیور سے دمبود چیک پوسٹ کے درمیان رہنے والے افراد سے خصوصی اپیل کی گئی ہے کہ وہ علاقے میں نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک گاڑی یا نشان کی اطلاع فراہم کریں۔

گلگت بلتستان

Missing tourist