سکھر اور ملتان میں کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ سگریٹس نذر آتش
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ان لینڈ ریونیو نے سکھر اور ملتان میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم اور نان ٹیکس پیڈ غیر قانونی سگریٹس کو نذر آتش کردیا۔
ملتان میں کارروائی
ایف بی آر نے جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر تین ہزار سے زائد کارٹنز پر مشتمل نان ٹیکس پیڈ سگریٹس کو تحویل میں لیا، جنہیں بعد ازاں نذر آتش کر دیا گیا۔ چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر سرمد قریشی نے بتایا کہ تلف کی گئی سگریٹس کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سگریٹ کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کو تین سال قید اور 25 ہزار روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر ایسی کارروائیوں کے ذریعے ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے گا۔
سکھر میں کارروائی
ایف بی آر ان لینڈ ریونیو سکھر کی جانب سے 11 مختلف کارروائیوں کے دوران پکڑی گئی نان کسٹم پیڈ سگریٹس کو نذر آتش کیا گیا۔ اس موقع پر ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ غیر قانونی سگریٹس کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ اسمگلنگ اور ٹیکس چوری کا سدباب ممکن بنایا جا سکے۔
Comments are closed on this story.