لاہور میں شدید طوفان؛ کراچی سے آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی
لاہورمیں شدید طوفان کے باعث کراچی سے آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔ نجی ائرلائن کی پرواز کئی منٹ تک آندھی کی زد میں رہی ۔ طیارے کو لینڈنگ کے دوران طوفان کے باعث شدید جھٹکے لگے، مسافروں کی چیخیں نکل گئیں۔ پائلٹ نے مہارت سے طیارے کو واپس اڑایا، ائیر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کو کراچی واپس بھیج دیا۔
کراچی سے لاہور جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز شدید آندھی کی زد میں آ گئی، جس کے باعث طیارے کو کئی منٹ تک جھٹکے لگے اور مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پرواز لینڈنگ پوزیشن میں آچکی تھی کہ اچانک طوفانی بارش اور آندھی کے باعث طیارے کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس سے کیبن میں گھبراہٹ کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ پائلٹ نے بڑی مہارت سے طیارے کو واپس اڑایا، ایئر ٹریفک کنٹرول نے کراچی واپس موڑ دیا۔
ذرائع ایئر پورٹ کے مطابق، موسم کی خرابی کے سبب لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کی روانگی متاثر ہوئی۔ دو پروازوں کو کراچی واپس موڑ دیا گیا، جن میں کراچی سے لاہور آنے والی ایف ایل 842 اور اسلام آباد سے لاہور آنے والی پی کے 6385 شامل ہیں۔
ملک بھر میں آندھی اوربارشوں سے پروازیں متاثر ہیں، لاہور ائرپورٹ پر خراب موسم کی وارننگ کے بعد ہنگامی صورتحال ہے۔
لاہور سے کراچی تین پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، اسکردو سے لاہور والی پرواز پی کے فور فائیو فور منسوخ ہو گئی، ذرائع کے مطابق گوانگزو سے لاہور کی پرواز بھی اڑان نہ بھر سکی، لاہور سے ابوظبی اور کوالالمپور جانے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔
اسلام آباد میں طوفانی ہوائیں اور بارش سے موسم خرابی کا معاملہ
اسلام آباد میں بھی طوفانی ہوائیں اوربارشوں کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہے۔ لاہور، گلگت، کابل سے اسلام آباد آنے والی پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اسلام آباد سے اسکردو، لاہور، کوئٹہ جانے والی پروازیں بھی منسوخ ہیں۔ ایک چارٹر طیارے کو خراب موسم کے باعث لینڈنگ کی اجازت نہ مل سکی۔
فلائٹ انکوائری کا کہنا ہے کہ طیارے کو کنٹرول ٹاور کی ہدایات پر ڈائیورٹ کر دیا گیا۔
Comments are closed on this story.