Aaj News

ہفتہ, جولائ 12, 2025  
16 Muharram 1447  

پاکستان کے خلاف بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ بے نقاب، بلوچستان کے نام پر سازش

”بلوچستان اسٹڈیز پراجیکٹ“ کے نام سے چلائی جانے والی پروپیگنڈا مہم میں دہلی اور تل ابیب کے خفیہ اتحاد کے شواہد سامنے آگئے
شائع 14 جون 2025 08:35am

پاکستان کے خلاف ایک اور گھناؤنی سازش کا پردہ چاک ہوگیا ہے۔ اسرائیل سے منسلک ”میمری“ نامی ویب سائٹ کی پاکستان مخالف مہم اور بھارت سے اس کا گٹھ جوڑ منظر عام پر آگیا ہے۔ ”بلوچستان اسٹڈیز پراجیکٹ“ کے نام سے چلائی جانے والی اس پروپیگنڈا مہم میں دہلی اور تل ابیب کے خفیہ اتحاد کے شواہد سامنے آگئے ہیں، جس میں میر یار بلوچ جیسے جعلی کرداروں کو سامنے لا کر پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مواد پھیلایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق میر یار بلوچ درحقیقت ایک بھارتی مہرہ ہے جسے ”بلوچستان اسٹڈیز پراجیکٹ“ کا خصوصی مشیر نامزد کیا گیا ہے۔ یہ کردار ایک مصنوعی شناخت ہے جس کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کی سرپرستی موجود ہے، جبکہ اسرائیلی تھنک ٹینک ”میمری“ (Middle East Media Research Institute) واشنگٹن سے اس منصوبے کی نظریاتی آبیاری کر رہا ہے۔

یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ بی ایل اے اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کی بھارتی حمایت ایک عرصے سے عالمی اداروں میں رپورٹ ہو چکی ہے، اور اب اسرائیلی شمولیت نے اس اتحاد کی حقیقت اور بھی نمایاں کر دی ہے۔ ”بلوچستان اسٹڈیز پراجیکٹ“ جیسے جعلی تحقیقی پلیٹ فارمز کا مقصد صرف اور صرف پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر منفی بیانیہ پھیلانا اور محب وطن بلوچ عوام کو گمراہ کرنا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ففتھ جنریشن ہائبرڈ وارفیئر کے اس دور میں دشمن صرف سرحدوں پر نہیں، ہماری اسکرینز اور ڈیجیٹل اسپیس میں بھی موجود ہے۔ دشمن نے ”بلوچ حقوق“ کا لبادہ اوڑھ کر ایک گمراہ کن بیانیہ تخلیق کیا ہے تاکہ عوام کو تقسیم کیا جا سکے۔

بلوچ عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ ایسے کٹھ پتلی کرداروں اور ان کے بیرونی آقاؤں کو مکمل طور پر مسترد کریں۔ یہ نام نہاد پراجیکٹس نہ صرف بلوچوں کی قربانیوں کی توہین ہیں بلکہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف نفسیاتی اور نظریاتی حملہ بھی ہیں۔

پاکستانی عوام اور اداروں کو چاہیے کہ وہ اس ڈیجیٹل جنگ میں بھی دشمن کے عزائم کو پہچانیں، یکجہتی کے ساتھ ہر سازش کو ناکام بنائیں اور بلوچستان کے نام پر کھیلنے والے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں۔

india

Israel

indian propaganda

بلوچستان

Indian Proxies

Fitna Al Hindustan