Aaj News

جمعرات, جولائ 10, 2025  
14 Muharram 1447  

پنجاب کا 6500 ارب کا ٹیکس فری بجٹ ، ترقیاتی اسکیموں، تعلیم و صحت پر توجہ

نئی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 470 ارب روپے جبکہ جاری اسکیموں پر 535 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے
اپ ڈیٹ 16 جون 2025 10:08am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

پنجاب حکومت مالی سال 26-2025 کے لیے 6 ہزار 500 ارب روپے کا سالانہ بجٹ آج صوبائی اسمبلی میں پیش کرے گی۔ وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن بجٹ پیش کریں گے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، بلکہ پہلے سے عائد ٹیکسز کی مؤثر وصولی کو یقینی بنایا جائے گا۔

بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر خاص توجہ دی گئی ہے، پنجاب کا کل ترقیاتی بجٹ 1240 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے، جس میں مختلف شعبوں کی ترقی کے لیے ریکارڈ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ نئی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 470 ارب روپے جبکہ جاری اسکیموں پر 535 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ غیر ملکی امداد سے 124 ارب روپے کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

بجٹ میں سماجی شعبوں (تعلیم، صحت، فلاح و بہبود) کے لیے 493 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے، اسکول ایجوکیشن کے لیے 100 ارب روپے،ہائر ایجوکیشن کے لیے 39.5 ارب ، خصوصی تعلیم کے لیے 5 ارب ،نان فارمل ایجوکیشن کے لیے4 ارب ،اسپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن کے لیے 95 ارب روپے اور ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ویلفیئر کے لیے 86 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پنجاب کے بجٹ میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے لیے 335 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 120 ارب ،شہری ترقی کے لیے 120.76 ارب ،پبلک بلڈنگزکے لیے 25 ارب روپے،توانائی منصوبے کےلیے 7.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پنجاب کے بجٹ میں زراعت کے لیے 80 ارب روپے، لائیواسٹاک کے لیے 5 ارب ،فشریز کے لیے 10 ارب، وائلڈ لائف، فشریز کو ملا کر 25 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

بجٹ میں سروسز سیکٹر کےلیے 141.6 ارب روپے،گورننس اور آئی ٹی کے لیے 20 ارب،ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے 80 ارب، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کےلیے 38 ارب روپے،ائنز اینڈ منرلز کے لیے 1.2 ارب اور صنعت، سرمایہ کاری و تجارت کے لیے 12 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا ہے کہ بجٹ میں پسماندہ علاقوں، خاص طور پر جنوبی پنجاب کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ ترقی کا عمل متوازن ہو سکے۔

punjab assembly

budget

punjab budget

Budget 2025 2026