Aaj News

ہفتہ, جولائ 12, 2025  
16 Muharram 1447  

اسرائیلی جارحیت سے خطہ دہکتے انگاروں پر، جنگ کہاں رکے گی معلوم نہیں، شاہ اردن

اس تنازع کو ہر صورت ختم کرنا ہوگا، شاہ عبداللہ کا یورپی پارلیمنٹ سے خطاب
شائع 17 جون 2025 06:50pm

اسرائیلی حملے نے مشرق وسطیٰ میں تنازعات کو نئی شدت دے دی ہے، شاہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ یہ تنازع عالمی خطرات کو بڑھا رہا ہے اور جنگ کہاں جا کر رکے گی، کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں انسانیت کی شرمناک تصویر ہمارے سامنے ہے، دنیا تباہی کی طرف بڑھ رہی ہے۔

یورپی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ حملے نے مشرق وسطیٰ میں تنازعات کو مزید گمبھیر بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان بڑھتے ہوئے تنازعات نے نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

شاہ عبداللہ نے کہا کہ اسرائیل نے اپنی جارحیت میں واضح توسیع کر دی ہے اور اس وقت صورتحال اس نہج پر پہنچ چکی ہے جہاں یہ کہنا مشکل ہو گیا ہے کہ یہ جنگ کہاں اور کب ختم ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’اب ہر جگہ لوگوں کے لیے خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، ہم ایک غیر متوقع اور غیر مستحکم عالمی ماحول میں داخل ہو چکے ہیں۔‘‘

شاہ اردن نے غزہ میں جاری انسانی بحران کو ’’انسانیت کی شرمناک تصویر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی اصول، روایات اور انسانی حقوق تیزی سے تباہی کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اس تنازعے کا فوری اور پائیدار حل نکالا جائے، کیونکہ اس جنگ کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے اور بے گناہ شہری اس کا نشانہ بن رہے ہیں۔

Benjamin Netanyahu

Iran Israel War

President Donald Trump

King Abdullah's speech at the European Parliament