امریکا میں گھریلو تشدد کا واقعہ، 8 معصوم بچے قتل

دو خواتین بھی شدید زخمی، ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا
شائع 20 اپريل 2026 09:19am

امریکا کی ریاست لوئزیانا میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک شخص نے مبینہ طور پر گھریلو تنازع کے بعد اپنے ہی 7 بچوں سمیت 8 کمسن افراد کو قتل کر دیا، جبکہ پولیس تعاقب کے دوران فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ واقعے نے پورے علاقے کو سوگ میں ڈبو دیا۔

امریکی ریاست لوئزیانا کے شہر شریوپورٹ میں اتوار کی صبح پیش آنے والے ایک ہولناک واقعے میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر کے اپنے ہی سات بچوں اور ایک مرد کو قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں ایک سے 14 سال کے درمیان تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سات بچوں کی لاشیں گھر کے اندر سے ملیں، جبکہ ایک بچہ جان بچانے کے لیے چھت پر چڑھنے کی کوشش کے دوران ہلاک ہو گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ ملزم نے پہلے ایک خاتون کو گولی ماری اور اس کے بعد قریبی گھر جا کر بچوں کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے واقعے میں دو خواتین بھی شدید زخمی ہوئیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق ملزم اور زخمی خواتین میں سے ایک، ہلاک ہونے والے بچوں کے والدین تھے۔

واقعے کے بعد ملزم نے ایک گاڑی چھین لی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے تعاقب کیا اور گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ملزم ہلاک ہو گیا۔ اس واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

شہر کے میئر نے اسے اپنی تاریخ کے بدترین سانحات میں سے ایک قرار دیا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد گھریلو تشدد کے کیسز میں بروقت مداخلت اور وسائل کی فراہمی کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔

ادھر امریکی حکام اور سیاسی رہنماؤں نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کے لیے دعاؤں کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں اس سال اب تک 100 سے زائد اجتماعی فائرنگ کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں متعدد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور بڑی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں۔