سعودی عرب نے نئے مسلمان ہونے والوں کے لیے خصوصی کارڈ متعارف کرا دیا
سعودی عرب نے اسلام قبول کرنے والے افراد کی سہولت کے لیے ایک نئی ڈیجیٹل کارڈ سروس متعارف کرا دی ہے۔
سعودی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کی جانب سے شروع کی اس نئی سروس کا مقصد ان تمام مرحلوں اور عمل کو کمپیوٹر اور موبائل فون کے ذریعے خودکار اور آسان بنانا ہے جو کسی بھی شخص کے اسلام قبول کرنے کے دوران پیش آتے ہیں۔
خلیج ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، اس نئے نظام کے ذریعے اسلام قبول کرنے کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا گیا ہے، تاکہ درخواست جمع کروانے سے لے کر منظوری تک تمام مراحل تیزی اور سہولت کے ساتھ مکمل کیے جا سکیں۔
حکام کے مطابق، ”اس سروس کا مقصد اسلام قبول کرنے والے افراد کو ایک محفوظ، آسان اور قابلِ تصدیق دستاویز فراہم کرنا ہے، جسے سرکاری سطح پر تسلیم کیا جائے گا۔“
نئے کارڈ کو سعودی عرب کی معروف سرکاری ایپ ”توکلنا“ کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ منظوری ملتے ہی یہ کارڈ خودکار طریقے سے صارف کے اکاؤنٹ میں ظاہر ہو جائے گا، جس کے بعد اسے باآسانی دیکھا اور استعمال کیا جا سکے گا۔
رپورٹس کے مطابق، کارڈ پر ایک خصوصی کیو آر کوڈ بھی موجود ہوگا، جسے اسکین کر کے کوئی بھی یہ دیکھ سکتا ہے کہ یہ کارڈ بالکل اصلی ہے اور سرکاری ادارے کی طرف سے ہی جاری کیا گیا ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (ایس ڈی اے آئی اے) کے تعاون سے فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ جاری کیے گئے تمام کارڈز کی اصلیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزارتِ اسلامی امور کے مطابق، اس اقدام سے نہ صرف سرکاری ریکارڈ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ درست اعداد و شمار اور رپورٹس بھی دستیاب ہوں گی، جو مستقبل کی منصوبہ بندی اور پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوں گی۔
سعودی عرب گزشتہ چند برسوں سے حجاج اور عمرہ زائرین سمیت مسلمانوں کے لیے مختلف ڈیجیٹل سہولیات متعارف کرا رہا ہے۔ ان میں ”نسک“ پلیٹ فارم خاص طور پر نمایاں ہے، جو عمرہ ویزا، روضۂ رسول ﷺ کی حاضری، رہائش، سفری انتظامات اور متعدد زبانوں میں رہنمائی جیسی خدمات فراہم کرتا ہے۔
اسی طرح 2019 میں شروع کیے گئے ”پِلگرِام ایکسپیرینس پروگرام“ کا مقصد دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے حج اور عمرہ کے تجربے کو بہتر بنانا تھا۔ اس پروگرام کے تحت ٹرانسپورٹ، رہائش، صحت اور مہمان نوازی کی سہولیات میں بہتری لائی گئی، جبکہ مکہ اور مدینہ کے تاریخی اسلامی مقامات کے تحفظ پر بھی توجہ دی گئی۔
مزید برآں، ”مکہ روٹ“ منصوبہ بھی کئی ممالک کے زائرین کو ویزا، بائیومیٹرک تصدیق، امیگریشن، طبی معائنہ اور سامان کی جانچ جیسے مراحل روانگی سے قبل مکمل کرنے کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔
حال ہی میں سعودی عرب نے ایک سال تک مؤثر رہنے والا متعدد بار داخلے کی اجازت دینے والا عمرہ ویزا بھی متعارف کرایا ہے، جس کے تحت زائرین مقررہ مدت کے دوران کئی مرتبہ مملکت کا سفر کر سکتے ہیں۔
سعودی عرب کی جانب سے متعارف کرائی گئی یہ نئی سروس اسلام قبول کرنے والے افراد کے لیے ایک اہم سہولت قرار دی جا رہی ہے، جو انہیں سرکاری سطح پر شناخت اور مختلف خدمات تک رسائی میں مدد فراہم کرے گی۔















