پاکستان نے ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں 7 میڈلز اپنے نام کر لیے
جنوبی کوریا میں جاری ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 7 میڈلز جیت لیے۔ قومی کھلاڑیوں نے نہ صرف مین ایونٹس بلکہ پلیٹ ڈویژن مقابلوں میں بھی ٹائٹلز اپنے نام کیے۔
پاکستان کے انڈر 13 اور انڈر 15 کیٹیگری کے کھلاڑیوں نے فائنلز میں نمایاں کامیابیاں سمیٹیں۔ بوائز انڈر 13 کے فائنل میں پاکستان کے سہیل عدنان نے بھارت کے آیان دھنوکا کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا۔
جبکہ انڈر 15 کیٹیگری کے فائنل میں لاہور سے تعلق رکھنے والے نعمان خان نے اپنے ہم وطن احمد رایان خلیل کو دلچسپ مقابلے کے بعد ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستانی اسکواش ٹیم نے مین ایونٹ میں مجموعی طور پر دو گولڈ، دو سلور اور ایک برانز میڈل حاصل کیا۔ اس کے علاوہ پلیٹ ڈویژن کے مقابلوں میں بھی قومی کھلاڑیوں نے دو ٹائٹلز جیت کر اپنی مہارت کا لوہا منوایا۔
یہ کامیابی ایک بار پھر اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اسکواش میں اپنی روایتی برتری کی طرف گامزن ہے، اور نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کا پاکستانی اسکواش پلیئرز کو خراج تحسین
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ایشیئن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں کامیابیوں پر پاکستانی اسکواش پلیئرز کو خراج تحسین کیا ہے۔
وزیراعظم نے انڈر 15 مقابلوں میں نعمان خان، انڈر 13 مقابلوں میں سہیل عدنان کی سونے کے میڈل اور انڈر 15 میں احمد ریان خلیل اور گرلز انڈر 13 مقابلوں میں ماہ نور علی کی سلور میڈل حاصل کرنے پر کھلاڑیوں اورپوری قوم کو مبارکباد دی ۔
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایشیئن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے سات میڈل جیت کر پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے، دعا ہے کہ آپ کی کامیابیوں کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے۔ FILE
Comments are closed on this story.