بھارتی وزیرِ خارجہ کا بیان بےبنیاد اور غیر ذمہ دارانہ ہے، ترجمان دفترِ خارجہ

پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے تمام ادارے، خصوصاً مسلح افواج، ملکی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
شائع 07 دسمبر 2025 03:51pm

ترجمان دفترِ خارجہ نے پاکستان کے خلاف بھارت کے انتہائی اشتعال انگیز، بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے سخت مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرا بی نے کہا ہے کہ بھارتی قیادت کے بیانات خطے میں امن، استحکام اور ہم آہنگی کے لیے سنگین بے حسی کو ظاہر کرتے ہیں۔

دفتر خارجہ کی یہ مذمت ایک روز بعد سامنے آئی ہے، جب بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے الزام عائد کیا تھا کہ بھارت کو اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ بنیادی چیلنجز براہِ راست پاکستان کی عسکری قیادت سے درپیش ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے تمام ادارے، خصوصاً مسلح افواج، ملکی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں۔ وطن کی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان مکمل طور پر پرعزم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کو چاہیے کہ وہ اپنے ملک میں پروان چڑھنے والی فسطائی اور انتہا پسند ہندوتوا سوچ کا جائزہ لے۔ بھارتی ریاست اور قیادت خود اس انتہا پسند مذہبی بیانیے کی یرغمال بن چکی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاک فوج نے مئی میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کو دنیا کے سامنے ثابت کیا، اور بھارت کا کسی بھی قسم کا پروپیگنڈا اس حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔

بیان کے مطابق بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستانی ریاستی اداروں اور قیادت کو بدنام کرنے کی کوششیں دراصل ایک منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں۔ بھارت کا مقصد خطے کو غیر مستحکم کرنا اور ریاستی سرپرستی میں اپنی دہشت گرد سرگرمیوں سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور اپنی سلامتی، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحد اور مضبوط ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارتی قیادت پاک افواج پر بےبنیاد تبصرے سے گریز کرے، بھارتی قیادت کو اپنے فاشسٹ، انتہاپسندانہ ہندوتوا نظریے کی تحقیقات کرنی چاہییں۔

india

indian propaganda

پاکستان

pakistan army

Pakistan Foreign Office

Indian Foreign Minister

Indian external affairs minister

pakistan foreign ministry

Jay Shankar hate Statement