وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹریفک آرڈیننس پر عمل درآمد روکنے کی خبروں کو مسترد کردیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب موٹروہیکل آرڈیننس پر عمل درآمد روکنے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کے بعد کہا تھا کہ کمرشل گاڑیوں پر آرڈیننس کا اطلاق روک دیا گیا ہے۔
پنجاب میں موٹروہیکل آرڈیننس 2025 کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے پیر کے روز ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے آج لاہور میں ٹرانسپورٹرز کے وفد سے مذاکرات کیے جس کے بعد صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ٹریفک آرڈیننس معطل کر دیا گیا ہے، جس پر ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ تھا کہ حکومت ٹریفک آرڈیننس 2025 فوری طور پر واپس لے، کیونکہ موجودہ صورتحال میں کرائے کی رقم سے ڈبل جرمانے کیے جا رہے ہیں، جو قابلِ قبول نہیں۔
تاہم اب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آرڈی نینس پر عمل درآمد روکنے کے فیصلے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ‘یہ سچ نہیں ہے، قانون پر عمل درآمد ہوگا۔‘
اس سے قبل سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھی پنجاب حکومت کی جانب سے ٹریفک آرڈیننس پر عمل درآمد روکنے کے حکم کو قیاس آرائی اور جھوٹ قرار دیا۔
ایکس پر اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے آج ایک بار پھر پورے پنجاب میں ٹریفک قوانین سے متعلق قانون پر مؤثر اور سخت عمل درآمد کا حکم جاری کیا ہے اور عمل نہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔
پنجاب میں حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات کامیاب
ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال اس آرڈیننس کا اطلاق روکا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھاری جرمانوں کے معاملے پر ٹرانسپورٹرز کے ساتھ بیٹھیں گے، امید ہے کہ کوئی ایسا مسودہ نکل کر سامنے آئے جو سب کے لیے قابلِ قبول ہو۔ جس کے بعد ٹرانسپورٹرز کی متحدہ ایکشن کمیٹی نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔













