بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، دھند اور آلودگی سے معمولات متاثر
محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں 20 سے 22 دسمبر کے دوران بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں کوئٹہ، زیارت، پشین اور تربت سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور بعض مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 20 دسمبر سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی 20 سے 23 دسمبر کے دوران بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ ان علاقوں کے بالائی حصوں میں برفباری متوقع ہے۔
اسی طرح اسلام آباد، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں 20 اور 21 دسمبر کو بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے، جس کے باعث حد نگاہ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے صوابی تک، ایم فور شیرشاہ سے صوابی تک اور این فائیو شیرشاہ سے روہڑی تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔
قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان کی حفاظت کے پیش نظر موٹرویز بند کی گئی ہیں۔
پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سفر کے دوران محتاط ڈرائیونگ کریں اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔
ادھر ملک کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویش ناک ہے۔
عالمی ماحولیاتی تنظیم کے مطابق پشاور میں ائر کوالٹی انڈیکس 720 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث پشاور کو ملک کا سب سے آلودہ شہر قرار دیا گیا ہے۔
ملتان میں اے کیو آئی 414 اور گجرات میں 276 ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور میں اے کیو آئی 252 ریکارڈ ہونے پر اسے دنیا کا دوسرا آلودہ شہر قرار دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق موسم کی تبدیلی، دھند اور فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔












