سعودی عرب میں موسم سرما کی پہلی برف باری
سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں بدھ کے روز موسمِ سرما کی پہلی برف باری ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث سردی کی شدت میں واضح اضافہ ہو گیا۔ شمال مغربی علاقے تبوک ریجن میں واقع پہاڑی اور میدانی علاقوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، جبکہ مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق تبوک صوبے میں جبل اللوز پر واقع سیاحتی اور پہاڑی مقام تروجینا میں برف باری ہوئی، جو سطح سمندر سے تقریباً 2 ہزار 600 میٹر بلند ہے۔ یہ علاقہ ہائیکنگ اور اسکیئنگ کے لیے جانا جاتا ہے، جہاں ہلکی بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب بر بن ہرمس، العیینہ، عمار، شقراء اور اس کے نواحی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں اور برف باری کے اثرات کے باعث حائل، الجوف، القصیم اور دارالحکومت ریاض میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
دنیا کے 25 امیر ترین خاندان: جنہوں نے 2025 میں مسک اور بیزوس سے زیادہ دولت بنائی
قومی مرکز برائے موسمیات (نیشنل سینٹر فار میٹیورولوجی) نے بتایا ہے کہ جمعرات کو بھی ریاض کے شمالی علاقوں اور القصیم ریجن میں مزید برف باری کا امکان موجود ہے، خاص طور پر تبوک اور حائل میں بدھ کے روز ہونے والی برف باری کے بعد موسم مزید سرد ہو سکتا ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق سعودی عرب میں برف باری عموماً دسمبر سے فروری کے دوران ریکارڈ کی جاتی ہے، جبکہ تبوک، الجوف اور عرعر جیسے شمالی علاقے بحیرۂ روم کے موسمی نظام کے زیادہ قریب ہونے کے باعث برف باری کے لیے موزوں سمجھے جاتے ہیں۔
تیاری کرلیں! سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے بھرپور نوکریاں
حکام نے شہریوں کو سرد موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔














