برطانیہ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی فیلڈ مارشل کو دھمکیاں: برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

برطانوی حکومت شرپسندوں کے خلاف کارروائی کرے گی: دفتر خارجہ
شائع 26 دسمبر 2025 06:06pm

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے برطانیہ میں اشتعال انگیز احتجاج کے بعد دفتر خارجہ نے برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ نے مراسلے میں برطانوی حکومت سے درخواست کی ہے کہ برطانیہ شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف لندن کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں پاک فوج کے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر کے خلاف نعرے بازی اور انہیں قتل کی دھمکیاں دی جارہی تھیں۔

پی ٹی آئی ارکان نے یہ احتجاج برطانوی شہر بریڈ فورڈ میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر کیا تھا۔

دفتر خارجہ نے برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کیے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ برطانوی سرزمین فیلڈ مارشل کے خلاف استعمال ہوئی ہے۔ اس لیے امید ہے کہ برطانوی حکومت شرپسندوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔

pti

foreign office

Pakistan Foreign Office

PTI protest

General Asim Munir

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Field Marshal Asim Munir

Chief of Defence Staff (CDF)

PTI UK