جھنگ: یونیورسٹی بس اور وین میں تصادم، 2 طلبہ سمیت 14 افراد جاں بحق
فیصل آباد روڈ پر تیز رفتار مسافر وین اور ویٹنری یونیورسٹی کی بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ویٹنری یونیورسٹی کی بس ٹور پر فیصل آباد جا رہی تھی اور سامنے سے آنے والی مسافر وین فیصل آباد سے جھنگ آ رہی تھی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مسافر وین کے ڈرائیور نے اوورٹیک کرنے کی کوشش کی، جس کے دوران تیز رفتار وین سامنے سے آنے والی یونیورسٹی بس سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں مسافر وین مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں دو یونیورسٹی کے طالب علم بھی شامل ہیں، جبکہ زیادہ تر جاں بحق افراد مسافر وین میں سوار تھے۔
واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔













