فیفا کے صدر کا دورۂ پاکستان کا اعلان
فیفا کے صدر جیانی انفنٹینو نے اعلان کیا ہے کہ وہ بہت جلد پاکستان کا دورۂ کریں گے اور ملک میں فٹبال کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔
انفنٹینو نے 56 ویں ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ اجلاس کے دوران پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا، ”میں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے وعدہ کیا تھا کہ جلد پاکستان آؤں گا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نئے صدر زبردست کام کر رہے ہیں۔“
انہوں نے پاکستان کو ایک ”عظیم فٹبال ملک“ قرار دیا اور کہا، ”ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ایشیا کی سطح پر بھی سرفہرست آئے، اور اس کے لیے ہم کام کر رہے ہیں۔“
گزشتہ ماہ، فیفا نے پاکستان کی سیاستدان سیدہ آمنہ بتول کو اپنی اصلاحاتی کمیٹی میں شامل کیا ہے۔ اس سے قبل نومبر 2025 میں فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے پاکستان کا تین روزہ دورہ کیا تھا، جس میں فٹبال کے انفراسٹرکچر کے فروغ پر بات چیت ہوئی تھی۔
پاکستان میں فٹبال نوجوانوں میں کافی مقبول ہے اور حالیہ برسوں میں مقامی سطح پر بھی اس میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ اسکولوں، مقامی ٹورنامنٹس اور کمیونٹی کلبوں میں مقابلے نوجوانوں کے لیے فٹبال کے شوق کو بڑھا رہے ہیں۔















