اسرائیلی فضائیہ کا تہران میں خامنہ ای کے کمپاؤنڈمیں موجود بنکر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائیہ کے تقریباً 50 لڑاکا طیاروں نے تہران میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے نیچے واقع ایک زیرِ زمین بنکر کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کے مطابق جمعے کو کیے گئے اس حملے میں اسرائیلی فضائیہ کے تقریباً 50 لڑاکا طیاروں نے تہران کے وسط میں موجود ایک زیرِ زمین بنکر کو نشانہ بنایا، یہ بنکر آیت اللہ علی خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے نیچے واقع تھا اور اسے ہنگامی کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق مذکورہ مرکز خامنہ ای کی وفات کے بعد بھی ایران کے سینئر حکام کی جانب سے استعمال کیا جا رہا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس مقام کو نشانہ بنانے سے قبل طویل عرصے تک انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کی گئیں اور اسی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔
دوسری جانب ایرانی حکام کی جانب سے اس دعوے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
اسرائیل کے بن گورین ایئرپورٹ پر میزائل حملہ
اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں نے اسرائیل کے مرکزی ہوائی اڈے بن گورین ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا ہے تاہم اسرائیلی فوج کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعے کی صبح ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کے بعد تل ابیب اور اسرائیل کے دیگر علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جب کہ اسرائیلی فضائی دفاعی نظام ان میزائلوں کو فضا میں روکنے کی کوشش کر رہے تھے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے ایران سے اسرائیل کی جانب داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی کی اور خطرے سے نمٹنے کے لیے فضائی دفاعی نظام متحرک کر دیے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق وسطی اسرائیل میں ایرانی میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کے دوران زمین پر گرنے والے ملبے سے ایک شخص زخمی ہوگیا، زخمی ہونے والا شخص میزائل کو فضا میں تباہ کرنے کے عمل کے دوران گرنے والے شریپنل (دھاتی ٹکڑوں) کی زد میں آیا جب کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیل میں سینکڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔
اسرائیلی وزارتِ صحت نے اس سے قبل بتایا تھا کہ ایران کے ساتھ ہفتے کے روز شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے اب تک اسرائیل کے مختلف اسپتالوں میں ایک ہزار 600 سے زائد افراد کا علاج کیا جا چکا ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق اس دوران مختلف حملوں اور متعلقہ واقعات میں اب تک کم از کم 11 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث حالیہ دنوں میں متعدد مقامات پر میزائل حملوں اور فضائی دفاعی نظام کی کارروائیوں کے دوران ملبہ گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ جمعے کو تل ابیب کی جانب خیبر میزائل داغے گئے، جو آپریشن ”وعدہ صادق 4“ کی اکیسویں لہر کا حصہ ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے مزید کہا گیا کہ حملوں کی نئی لہر کا آغاز میزائل اور ڈرونز کے مشترکہ آپریشن سے کیا گیا، جس میں تل ابیب کے قلب میں واقع مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی ڈیفنس سسٹمز تباہ کرنے کا دعویٰ
ایران پر اسرائیل اور امریکا کے تازہ فضائی حملے جاری ہے، اسرائیلی فوج نے ایران کے 6 بیلسٹک میزائل لانچرز اور 3 ایڈوانس ڈیفنس سسٹمز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ اسرائیلی فوج نے تہران، اصفہان، شیراز اور کرمانشاه کو نشانہ بنایا ہے۔














