فٹبال ورلڈ کپ: ایرانی ٹیم کے میچز امریکا سے کسی اور ملک منتقل کرنے کی تجویز
فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں ایرانی ٹیم کے میچز امریکا سے کسی اور ملک منتقل کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، اس حوالے سے ایران کی حکومت نے فیفا سے رابطہ کرلیا ہے جب کہ لاس اینجلس اور سیئٹل میں شیڈول میچز میکسیکو منقتل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق ایران کی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے کہا ہے کہ ایران نے فیفا کے ساتھ ورلڈ کپ 2026 کے میچز کی میزبانی کے معاملے پر بات چیت شروع کر دی ہے تاکہ ایرانی ٹیم کے میچز امریکا کے بجائے میکسیکو میں منعقد کیے جا سکیں اور اس حوالے سے فیفا کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔
پیر کے روز میکسیکو میں ایرانی سفارت خانے کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مہدی تاج کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ ایرانی قومی ٹیم کی سیکیورٹی کی ضمانت نہیں دے سکتے، ایسی صورت میں ایرانی ٹیم امریکا کا سفر نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران فیفا کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ میچز میکسیکو منتقل کیے جا سکیں۔
اس سے قبل ایرانی وزیر کھیل نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے فروری کے آخر میں ایران پر فضائی حملوں کے بعد موجودہ صورت حال میں قومی ٹیم کے لیے عالمی ایونٹ میں شرکت مشکل ہو سکتی ہے۔ ان حملوں میں ایران کی اعلیٰ قیادت سمیت کئی سیاسی و عسکری شخصیات ہلاک ہوئیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایرانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت ہے تاہم ان کے مطابق اپنی سیکیورٹی کے پیش نظر ٹیم کے لیے امریکا میں کھیلنا مناسب نہیں ہو سکتا۔
واضح رہے کہ ایران نے 48 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جو 11 جون سے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا۔ ایرانی ٹیم کے دو گروپ میچز لاس اینجلس جبکہ ایک میچ سیئٹل میں شیڈول ہے۔
ایران ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بھی ہے، جس نے 25 مارچ 2025 کو اپنی جگہ یقینی بنائی تھی۔
یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان ایران کے خلاف جنگ 28 فروری 2026 کو شروع ہوئی تھی جو اس وقت تیسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے۔
















