آتشزدگی سے متاثرہ گل پلازہ میں دوبارہ آگ لگ گئی، وجہ کیا بنی؟

پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ آگ نشے کے عادی شخص سے لگی، جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
شائع 22 مارچ 2026 08:25pm

کراچی کی مصروف ترین شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر قائم گل پلازہ کی آتشزدگی سے متاثرہ عمارت کے بیسمنٹ میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھی تاہم فائر ٹینڈرز نے آتشزدگی پر قابو پالیا جب کہ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ آگ نشے کے عادی شخص سے لگی، جسے عمارت کے اندر سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ 

کراچی کے علاقے میں واقعہ گل پلازہ میں ایک بار پھر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں دھوئیں نے سوختہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جب کہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہوسکیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے بیسمنٹ میں واقع ایک دکان میں آگ لگی، جس کے بعد وہاں سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنوبی عاصمہ بتول کے مطابق عمارت پہلے ہی سیل تھی اور اس وقت یہ واضح نہیں کہ آگ کتنی دکانوں تک پھیلی ہے۔ ان کے مطابق ریسکیو ٹیمیں اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نشے کے عادی افراد عمارت کے اندر موجود تھے، جن کی وجہ سے آگ لگی جب کہ جائے وقوعہ سے کچھ نشئی افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

دوسری جانب گل پلازا مینجمنٹ کمیٹی کے صدر تنویر پاستا نے بتایا کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ کسی سازش کا نتیجہ نہیں ہے، واقعے کے بعد پولیس نے تین نشئی افراد کو حراست میں لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آگ ممکنہ طور پر نشئی افراد کی جانب سے کاپر جلانے کے سبب لگی، گل پلازہ سیل ہے عید کے موقع پر نشئی افراد اندر داخل ہوئے۔

تنویر پاستا نے بتایا کہ عمارت کی موجودہ حالت خراب ہونے کی وجہ سے آئندہ ہفتے گل پلازا کو مسمار کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ 17 جنوری 2026 کو بھی کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع اسی گل پلازا میں شدید آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں آگ تین روز تک بھڑکتی رہی اور اس سانحے میں 70 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔