ٹرمپ ایران کے ساتھ ڈیل کے لیے بےچین ہیں: امریکی نائب صدر

ٹرمپ نے ایرانی حکام لے ساتھ نیک نیتی سے بات چیت کی ہدایت کی ہے: جے ڈی وینس
شائع 08 اپريل 2026 04:15pm

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے اور پیش رفت کے حوالے سے بے چین ہیں اور انہوں نے اپنی مذاکراتی ٹیم کو وہ ایرانی حکام کے ساتھ نیک نیتی سے بات چیت کی ہدایت کی ہے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ہنگری کے دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے خلوصِ نیت سے مذاکرات کیے تو کوئی بھی معاہدہ ممکن ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ صورت حال کو ’کمزور جنگ بندی‘ قرار دیا۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ ’امریکی صدر نے مجھےاور مذاکراتی ٹیم کو واضح طور پر کہا ہے کہ جائیں اور کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے نیک نیتی سے کام کریں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اگر ایرانی بھی نیک نیتی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو ہم کوئی ڈیل کرنے میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔ لیکن یہ ایک بہت بڑی شرط ہے اور اس کا انحصار ایرانی قیادت پر ہے کہ وہ کس طرح مذاکرات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ وہ درست فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران نے پاکستان کی ثالثی میں دو ہفتے کی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، جس کا اعلان بدھ کی رات صدر ٹرمپ نے کیا تھا۔

یہ اہم پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب ایران کے لیے صدر ٹرمپ کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے میں محض دو گھنٹے باقی تھے۔ اس ڈیڈ لائن میں ایران کو وارننگ دی گئی تھی کہ اگر اس نے بند کی گئی آبنائے ہرمز کو نہ کھولا تو شدید تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس اہم پیش رفت کے بعد ممکنہ طور پر چھ ہفتے سے جاری اس تباہ کُن جنگ کو روکا جا سکے گا جو پورے مشرقِ وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے اور اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ دنیا بھر میں تجارت اور توانائی کی فراہمی کا نظام بھی بُری طرح متاثر ہوا ہے۔