9 اور 10 اپریل کو تعطیلات کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری
ایران اور امریکا کے مذاکرات کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 اور 10 اپریل (جمعرات اور جمعے) کو مقامی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 2 روزہ چھٹیوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں 9 اور 10 اپریل کو سرکاری تعطیل ہوگی جب کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے اس کی تصدیق کی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صرف ضروری سروسز کے ادارے تعطیلات سے مستثنیٰ قرار دے دیے گئے ہیں جب کہ ایم سی آئی، سی ڈی اے، پولیس اور اسپتال کھلے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جمعرات اور جمعہ کو وفاقی دارالحکومت میں تعطیل ہوگی، شہریوں کو تعطیلات کے دوران ضروری سروسز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے تعطیلات کا نوٹیفکیشن تمام متعلقہ محکموں کو ارسال کر دیا، جس پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔
واضح رہے اسلام آباد میں 10 اپریل بروز جمعے کو ایران اور امریکا کے درمیان اہم مذاکرات ہوں گے تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کی جا سکے۔
















