محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں سے متعلق اہم پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران بارشوں، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے جب کہ بارشوں کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 16 اپریل سے ملک میں داخل ہوگا، جس کے زیرِ اثر 16 سے 19 اپریل تک مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں اس دوران بارشوں کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے جب کہ 17 اور 18 اپریل کے دوران بلوچستان میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب میں 16 سے 18 اپریل کے دوران موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جب کہ سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 16 سے 19 اپریل کے دوران ہلکی بارش، تیز ہواؤں اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، تیز بارشوں کے باعث کمزور ڈھانچوں اور فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا بھی خطرہ ہے۔
















