فتح کے بغیر جنگ بندی
ایران کی 40 روزہ محاذ آرائی کی مدھم پڑتی بازگشت کے درمیان، جس نے مشرقِ وسطیٰ کو نظامی ٹوٹ پھوٹ کے دہانے تک پہنچا دیا، ایک تلخ حقیقت نمایاں ہو کر سامنے آتی ہے: یہ ایسی جنگ تھی جس نے امن نہیں بلکہ طاقت کے توازن کو ازسرِنو مرتب کیا، اور جو فتح کے بجائے دونوں جانب کی تھکن پر ختم ہوئی۔
یہ جنگ ایسے مرحلے تک جا پہنچی تھی جہاں اس کا تسلسل نہ صرف علاقائی فریقین بلکہ خود عالمی نظام کے استحکام کے لیے بھی خطرہ بن چکا تھا۔ اس تناظر میں ایران ایک ایسے فریق کے طور پر ابھرتا ہے جو نہ صرف اس بحران سے بچ نکلا بلکہ اس کی سودے بازی کی پوزیشن بھی مزید مضبوط ہو گئی۔
یہ پیش رفت طویل عرصے سے جاری ’ایران نیوکلیئر اسٹینڈ آف‘ ( ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی سطح پر پیدا ہونے والا طویل تعطل یا کشیدگی، جہاں ایران اور مغربی طاقتوں (خصوصاً امریکہ) کے درمیان اعتماد کا فقدان، پابندیاں، اور مذاکرات ایک پیچیدہ تنازع کی صورت اختیار کر گئے ہیں۔) سے ہٹ کر ایک جیوپولیٹیکل و معاشی مقابلے کی جانب ڈرامائی تبدیلی کی عکاس ہے۔ اس تبدیلی کے ساتھ کہیں زیادہ پیچیدہ اور کثیرالجہتی مسائل مذاکراتی میز پر آئیں گے۔ آئندہ مذاکرات آسان نہیں ہوں گے اور ان میں بارہا اتار چڑھاؤ اور نازک چیلنجز درپیش رہنے کا امکان ہے۔
اب قائم ہونے والی جنگ بندی مفاہمت یا کسی حتمی حل کا نتیجہ نہیں، بلکہ حریف قوتوں کے اس مشترکہ ادراک کی پیداوار ہے کہ مزید کشیدگی نہ صرف تزویراتی طور پر بے سود بلکہ معاشی طور پر خود تباہ کن ہو چکی تھی۔
اگر اس اچانک جنگ بندی کی کوئی ایک بنیادی وجہ بیان کی جائے تو وہ بڑھتے ہوئے معاشی خطرات کے دباؤ میں باہمی حدود کا ادراک ہے۔ ایران نے اہم بحری گزرگاہوں، خصوصاً عالمی توانائی کی شہ رگ،( آبنائے ہرمز) کو متاثر کرنے کی اپنی صلاحیت ظاہر کی، جبکہ اس کے مخالفین نے مسلسل مگر غیر فیصلہ کن نقصان پہنچانے کی اپنی قوت کا مظاہرہ کیا۔
جوں جوں تیل کی منڈیاں شدید اتار چڑھاؤ کا شکار ہوئیں، بحری راستے غیر یقینی بنتے گئے اور عالمی معیشت اس جھٹکے کو جذب کرنے لگی، لاگت اور فائدے کا توازن واضح طور پر تبدیل ہو گیا۔
اہم بات یہ ہے کہ یہ تنازع وہ نتائج حاصل نہ کر سکا جن کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، یعنی نہ تو حکومت کا عدم استحکام پیدا ہوا اور نہ ہی اسٹریٹجک سطح پر جوہری پروگرام کو پیچھے دھکیلا جا سکا۔ مزید برآں، جنگ کے بعد مذاکرات کا ایجنڈا اب محض جوہری معاملے تک محدود نہیں رہا، جو جنگ سے قبل سفارت کاری کا مرکزی محور تھا۔ اب یہ کہیں زیادہ پیچیدہ دائرے میں داخل ہو رہا ہے، جہاں ایران ممکنہ طور پر آبنائے ہرمز سے گزرنے والی آمدورفت کے نظم و نسق میں باضابطہ کردار، حتیٰ کہ اس سے مالی فوائد حاصل کرنے کے مطالبات کے ساتھ ساتھ جنگ سے ہونے والے نقصانات کے ازالے یا تعمیرِ نو کے لیے مالی معاونت کا تقاضا بھی کرے گا۔
یہ صورتِ حال عدم پھیلاؤ کے ایک محدود تنازع سے نکل کر خودمختاری، عالمی توانائی راہداریوں پر کنٹرول اور جنگی اخراجات کی نئی تقسیم پر مبنی ایک وسیع تر جیو اکنامک مقابلے میں واضح تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے۔
تاہم اس جنگ بندی کو امن کی تمہید قرار دینا تجزیاتی طور پر درست نہیں ہوگا۔ زیادہ سے زیادہ یہ ایک وقفہ ہے، نازک، مشروط اور کسی بھی وقت پلٹ جانے کے امکان سے دوچار۔ تنازع کے بنیادی اسباب بدستور حل طلب ہیں: جوہری معاملہ، پابندیوں کا نظام، خطے میں پراکسی کشمکش اور گہری جڑیں رکھنے والا عدم اعتماد۔
کسی منظم سیاسی فریم ورک یا قابلِ عمل ضمانتوں کی عدم موجودگی اس بندوبست کی پائیداری کو مزید کمزور کرتی ہے۔ ماضی کے تجربات بتاتے ہیں کہ ایسی جنگ بندیاں اکثر مستقل امن میں ڈھلنے کے بجائے طویل سرد کشیدگی میں تبدیل ہو جاتی ہیں، جہاں وقفے وقفے سے تناؤ میں اضافہ دیکھنے میں آتا رہتا ہے۔
اس جنگ کے اثرات فوری میدانِ جنگ سے کہیں آگے تک پھیلتے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ کے لیے سب سے بڑا نتیجہ اس کے روایتی سکیورٹی ڈھانچے کی کمزوری ہے۔ بیرونی سکیورٹی ضمانتوں کی وہ قابلِ بھروسا حیثیت، جسے طویل عرصے سے مسلمہ سمجھا جاتا تھا، اب سوالیہ نشان بن چکی ہے، جس کے باعث علاقائی ریاستیں اپنی تزویراتی وابستگیوں پر ازسرِنو غور کر رہی ہیں۔ اس کے نتیجے میں زیادہ خودمختار دفاعی حکمتِ عملیوں اور متنوع اتحادوں کی جانب جھکاؤ تیز ہو سکتا ہے، جو پہلے ہی غیر مستحکم خطے میں پیچیدگی کی ایک نئی سطح کا اضافہ کرے گا۔
معاشی اعتبار سے بھی یہ جنگ ایسے نقصانات چھوڑ گئی ہے جو جنگ بندی کے بعد بھی برقرار رہیں گے۔ توانائی کی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ، تجارتی راستوں میں خلل اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مجموعی کمی نے مل کر ایک ساختی لاگت مسلط کر دی ہے۔ اگرچہ قلیل مدت میں استحکام واپس آ بھی جائے، مگر نفسیاتی اثرات، خصوصاً بڑھتے ہوئے خطرات کے تاثر، طویل عرصے تک برقرار رہیں گے، جو اقتصادی منصوبہ بندی اور علاقائی انضمام کو متاثر کرتے رہیں گے۔
جنوبی ایشیا، اور بالخصوص پاکستان کے لیے یہ تنازع ایک طرف موقع اور دوسری طرف خطرات کا پیچیدہ امتزاج پیش کرتا ہے۔ ایک جانب پاکستان کی جانب سے سفارتی رابطوں اور مصالحتی کوششوں میں کردار نے اسے ایک پولرائزڈ ماحول میں قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر نمایاں کیا ہے۔ یہ ایک وسیع تر تزویراتی امکان کی عکاسی بھی کرتا ہے: یعنی خود کو ایک حاشیائی فریق سے نکال کر ایک ایسے رابطہ کار مرکز ( کنیکٹیو پی وٹ) کے طور پر ازسرِنو متعین کرنا جو مشرقِ وسطیٰ، وسطی ایشیا اور اس سے آگے کے خطوں کو جوڑ سکے۔
دوسری جانب اس کے فوری معاشی اثرات سنگین چیلنجز پیدا کرتے ہیں۔ توانائی کی قیمتوں میں اضافہ مالی دباؤ کو بڑھاتا ہے، بیرونی کھاتوں میں عدم توازن کو وسیع کرتا ہے، اور مہنگائی کے رجحانات کو تیز کرتا ہے۔
مزید برآں، جیوپولیٹیکل اثرات کے پھیلاؤ کا خطرہ، خواہ وہ فرقہ وارانہ کشیدگی کی صورت میں ہو یا علاقائی پراکسی وابستگیوں کے ذریعے، نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ خطے کی تاریخ یہ ظاہر کرتی ہے کہ بیرونی تنازعات اکثر اندرونی سطح پر بھی جھلک دکھاتے ہیں، خصوصاً ایسے معاشروں میں جو سیاسی اور معاشی دباؤ کا شکار ہوں۔
اس تنازع سے حاصل ہونے والا بنیادی اسٹریٹجک سبق کسی نئے عالمی نظام کا ظہور نہیں بلکہ پہلے سے جاری اس تبدیلی کے عمل میں تیزی ہے جو کثیر القطبی (ملٹی پولر) عالمی ترتیب کی طرف بڑھ رہی ہے۔ کسی ایک فریق نے فیصلہ کن برتری حاصل نہیں کی، بلکہ اس جنگ نے پیچیدہ اور باہم جڑے ہوئے عالمی نظام میں طاقت کے محدود دائرۂ کار کو بے نقاب کیا۔
اس نے یہ بھی واضح کیا کہ تنازعات کے نتائج کی تشکیل میں غیر روایتی عوامل، معاشی باہمی انحصار، عالمی منڈیوں کی حساسیت، اور تیسرے فریق کی ثالثی، کا کردار تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
بالآخر یہ ایک ایسی جنگ تھی جس نے طاقت کے توازن کو ازسرِنو ترتیب دیا مگر تنازعات کو حل نہیں کیا۔ اس نے ڈیٹرنس کو تو مضبوط کیا لیکن اعتماد کی بنیاد استوار نہیں کی۔ اس نے تشدد کو وقتی طور پر روک تو دیا، مگر اس کے بنیادی اسباب کو چھوا تک نہیں۔ نتیجتاً یہ خطہ ایک ایسے نازک توازن میں معلق ہو گیا ہے جو فوری طور پر کسی بڑے انہدام کو تو روکتا ہے، لیکن حقیقی امن کی راہ بھی مسدود رکھتا ہے۔
تاریخ میں اس نوعیت کے کئی مواقع پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں جو اسٹریٹجک تبدیلی کا راستہ کھول سکتے تھے، مگر اکثر ضائع کر دیے گئے۔ یہ جنگ بندی، اپنی کمزوریوں کے باوجود، بھی ایک ایسا ہی فیصلہ کن موڑ ( انفلیکشن پوائنٹ ) ہے۔ اب یہ اس بات پر منحصر ہے کہ آیا یہ استحکام کی بنیاد میں ڈھلتی ہے یا ایک اور تصادم کے سلسلے میں تحلیل ہو جاتی ہے، اور اس کا انحصار کشیدگی کے خاتمے پر نہیں بلکہ علاقائی اور عالمی فریقین کی حقیقت پسندی اور سنجیدہ عزم کے ساتھ ان چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت پر ہے۔
فی الحال بندوقیں خاموش ضرور ہو گئی ہیں، مگر ایجنڈا وسیع ہو چکا ہے، اور یہ کشمکش محض اپنی شکل و صورت بدلتی جاری ہے۔
نوٹ: یہ تحریر 11 اپریل 2026 کو بزنس ریکارڈر کی اردو ویب سائٹ پر شائع ہوئی۔ اس میں موجود رائے مصنف کی ذاتی ہے۔ ادارے کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

















