ایران میں ہمیں جلد فتح ملنے والی ہے: صدر ٹرمپ کا دعویٰ

ایران ایک مشکل اور ذہین ملک ہے اور اس کے لوگ اچھے فائٹرز ہیں: ٹرمپ
شائع 17 اپريل 2026 08:43am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ بہت جلد اپنے اختتام کو پہنچنے والی ہے اور اس میں امریکا کو کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران میں جنگ اچھے طریقے سے ختم ہونے جا رہی ہے۔

ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں کرنا چاہتے تھے، تاہم ایران کے جوہری پروگرام کے باعث یہ قدم اٹھانا پڑا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایران ایک مشکل اور ذہین ملک ہے اور اس کے لوگ اچھے فائٹرز ہیں۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی بحریہ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا اور 158 جہاز ڈبو دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جس کے پاس جدید ترین سازوسامان موجود ہے۔ ان کے مطابق امریکی جہازوں پر داغے گئے 111 میزائل بھی ناکام بنا دیے گئے۔

انہوں نے تیل کی عالمی قیمتوں کے حوالے سے کہا کہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ خام تیل کی قیمت 300 ڈالر فی بیرل تک پہنچ جائے گی، تاہم موجودہ صورتحال اس کے برعکس ہے۔

اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے داخلی معاملات پر بات کرتے ہوئے ٹپس (انعامی رقم) پر عائد ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ آئندہ مڈٹرم انتخابات میں کامیابی نہ ملی تو ٹیکسوں میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے حزب اللہ کے حوالے سے کہا کہ اگر حزب اللہ نے معقول رویہ اختیار کیا تو یہ ان کے لیے ایک اہم موقع ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں کسی جانی نقصان کا خدشہ نہیں ہونا چاہیے اور بالآخر امن کا قیام ضروری ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں ویتنام جنگ اور افغانستان جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا نے طویل جنگوں کے نقصانات دیکھے ہیں، اس لیے موجودہ تنازعات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔