بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان
بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں کپتان شان مسعود بدستور ٹیم کی قیادت کریں گے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں چند نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس کا مقصد ٹیم میں کمبی نیشن کو بہتر بنانا ہے۔ ٹیسٹ اسکواڈ میں بابر اعظم، عبداللہ شفیق، اذان اویس، محمد رضوان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، امام الحق اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اسپن اور آل راؤنڈ شعبے میں نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا اور سعود شکیل کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، جبکہ فاسٹ بولنگ لائن اپ میں محمد عباس، عماد بٹ اور محمد غازی غوری بھی شامل ہیں۔
دورہ بنگلہ دیش کے لیے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں اسد شفیق اور بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں عمر گل انجام دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اسکواڈ میں شامل پانچ کھلاڑی اس وقت لاہور میں جاری تربیتی کیمپ میں شریک ہیں، جبکہ مکمل قومی ٹیسٹ اسکواڈ 27 اپریل کو کراچی میں کیمپ جوائن کرے گا۔ لاہور میں جاری کیمپ یکم مئی کو اختتام پذیر ہوگا۔
شیڈول کے مطابق قومی ٹیم دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 2 مئی کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی، جبکہ پاکستان سپر لیگ میں مصروف کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کے میچز مکمل ہونے کے بعد قومی کیمپ کو جوائن کریں گے۔
















