بھارت کے 15 سالہ سوریا ونشی پہلی بار ٹی 20 اسکواڈ میں شامل، شریاس ائیر کپتان مقرر
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں 15 سالہ نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی کو پہلی مرتبہ قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ شریاس آئیر کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
ویبھو سوریا ونشی حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شاندار کارکردگی کے بعد خبروں کی زینت بنے، جہاں انہوں نے 16 میچوں میں 776 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ اس دوران انہوں نے ایک سیزن میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا کرس گیل کا ریکارڈ بھی توڑا۔
اگر سوریا ونشی آئرلینڈ یا انگلینڈ کے خلاف اپنا بین الاقوامی ڈیبیو کرتے ہیں تو وہ بھارتی مینز ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کم عمر ترین کرکٹر بن جائیں گے۔
اس طرح وہ بھارت کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ بھی توڑ دیں گے، جنہوں نے 16 برس کی عمر میں بھارتی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔
قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت اگرکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویبھو سوریا ونشی نے آئی پی ایل کے پلے آف مرحلے میں تقریباً اکیلے دم پر راجستھان رائلز کو آگے بڑھایا۔ ان کے مطابق نوجوان بلے باز نے نہ صرف اس سیزن میں شاندار آغاز کیا بلکہ انتہائی سخت اور دباؤ سے بھرپور مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ بھی کیا۔
اجیت اگرکر نے کہا کہ سوریا ونشی ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتے ہیں اور سلیکٹرز کو ان سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑی نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر خود کو ٹیم میں شامل کروایا ہے۔
اجیت اگرکر نے بتایا کہ شریاس ائیر کو سوریا کمار یادو کی جگہ کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ائیر نے 2024 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو آئی پی ایل ٹائٹل جتوایا تھا اور لیگ کی دیگر فرنچائزز کی قیادت کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔
شریاس آئیر نے آخری مرتبہ 2023 میں ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا۔ اگرکر کے مطابق شریاس ائیر اپنی قیادت اور ذاتی کارکردگی کی بنیاد پر ایک نمایاں امیدوار تھے اور ان کی رائے میں وہ ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بننے کے بھی قریب تھے۔
بھارت رواں ماہ کے آخر میں آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گا، جس کے بعد جولائی میں انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آغاز ہوگا۔
















