میسی نہ رونالڈو: دنیا کا امیر ترین فٹبالر کون؟
فرانسیسی فٹبالر متیو فلامینی، جو ماضی میں انگلش کلب آرسنل کے لیے کھیل چکے ہیں، اب دنیا کے امیر ترین فٹبالر بن گئے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق انہوں نے فٹبال چھوڑنے کے بعد کاروبار کے میدان میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی۔
فرانسیسی فٹبالر متیو فلامینی نے فٹبال کے میدان سے باہر کاروباری دنیا میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے خود کو دنیا کے امیر ترین فٹبالرز میں شامل کر لیا ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق 42 سالہ فلامینی نے 2019 میں فٹبال کو خیرباد کہا۔ اپنے کیریئر کے دوران وہ مارسی، اے سی میلان، آرسنل، کرسٹل پیلس اور خیتافے جیسے معروف کلبوں کے لیے کھیل چکے ہیں۔
ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے اپنی کمپنی ’’جی ایف بایوکیمیکلز‘‘ پر توجہ مرکوز کی، جسے انہوں نے 2008 میں قائم کیا تھا۔ یہ کمپنی فوسل فیول پر مبنی مصنوعات کے متبادل کے طور پر ماحول دوست حل تیار کرتی ہے۔
گزشتہ چند برسوں میں کمپنی کی تیز رفتار ترقی کے باعث فلامینی کی دولت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ تقریباً 10 ارب پاؤنڈ لگایا جا رہا ہے۔ وہ اپنی کمپنی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ماحولیاتی جدت کے شعبے میں ایک نمایاں نام بن چکے ہیں۔
حال ہی میں فلامینی نے سوشل میڈیا پر تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں وہ برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس اور دیگر کاروباری رہنماؤں کے ساتھ ایک اجلاس میں شریک نظر آئے۔
دوسری جانب ’’جی ایف بایوکیمیکلز‘‘ نے پائیداری کے شعبے میں اپنی ساکھ مزید مضبوط کی ہے، خاص طور پر لیوولینک ایسڈ کی تیاری کے ذریعے، جو ڈٹرجنٹس سمیت مختلف مصنوعات میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو 80 فیصد تک کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق فلامینی نے اپنے سابق ساتھی مسعود اوزل کے ساتھ مل کر ’’یونیٹی‘‘ کے نام سے غذائی سپلیمنٹس کا ایک برانڈ بھی متعارف کرایا، جسے ویسٹ منسٹر یونیورسٹی کے سائنسدانوں کے تعاون سے تیار کیا گیا۔
فلامینی کا کہنا ہے کہ انہیں اس کاروبار کا خیال بچپن میں اس وقت آیا جب وہ مارسی میں سمندر کے قریب پلے بڑھے اور کم عمری میں ہی ماحولیاتی مسائل سے آگاہ ہو گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں یہ واضح نہیں تھا کہ وہ توانائی، کیمیکلز یا شہری فضلے میں سے کس شعبے پر کام کریں، تاہم بعد میں میلان میں سائنسدانوں کی ایک ٹیم سے ملاقات کے بعد اس سمت میں عملی پیش رفت شروع ہوئی۔
فلامینی صحت مند طرزِ زندگی کے بھی حامی ہیں اور وہ 15 سال کی عمر سے نباتاتی غذا استعمال کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اسی طرزِ زندگی نے ان کے فٹبال کیریئر کو طویل بنانے میں مدد دی۔
















