امریکا کی ایران میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت

امریکی حکام نے اپنے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ دستیاب پروازوں کے ذریعے جلد از جلد ایران سے نکل جائیں
شائع 23 اپريل 2026 09:06am

امریکی محکمہ برائے اسٹیٹ اینڈ قونصلر افیئرز نے ایران میں موجود امریکی شہریوں کے لیے نئی سفری تنبیہ جاری کرتے ہوئے فوری انخلا کی ہدایت کر دی ہے۔

محکمہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پیغام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے جاری کیا گیا ہے، جس میں ایران کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر امریکی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بلا تاخیر ملک چھوڑ دیں۔

بیان کے مطابق 21 اپریل تک ایران کی فضائی حدود جزوی طور پر دوبارہ کھول دی گئی ہیں، جس کے بعد محدود پروازوں کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔

امریکی حکام نے اس موقع کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ دستیاب پروازوں کے ذریعے جلد از جلد ایران سے نکل جائیں۔

محکمہ اسٹیٹ کا کہنا ہے کہ خطے میں سکیورٹی صورتحال غیر یقینی ہے، اسی لیے امریکی شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شہری اپنے سفری انتظامات خود کریں اور صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے سرکاری ذرائع سے رابطے میں رہیں۔

امریکی حکام نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ ایران میں موجود امریکی شہری کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے فوری انخلا کو یقینی بنائیں۔