امریکا: چاندی بنانے والے کارخانے میں کیمیائی اخراج سے دو افراد ہلاک، 20 زخمی

ہلاک ہونے والے دونوں افراد فیکٹری کے ملازمین تھے، جو حادثے کے وقت ڈیوٹی پر موجود تھے: حکام
اپ ڈیٹ 23 اپريل 2026 10:00am

امریکی ریاست ورجینیا میں چاندی تیار کرنے والے ایک کارخانے میں خطرناک کیمیائی اخراج کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ بیس افراد زخمی ہو گئے جن میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد فیکٹری کے ملازمین تھے، جو حادثے کے وقت ڈیوٹی پر موجود تھے۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ واقعہ ایک غیر رجسٹرڈ فیکٹری میں کیمیائی ردِعمل کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں مہلک ہائیڈروجن سلفائیڈ گیس خارج ہوئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بیشتر کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، تاہم ایک شخص بدستور تشویشناک حالت میں زیرِ علاج ہے۔

واقعے کے بعد متعلقہ حکام نے فیکٹری کو سیل کر دیا ہے جبکہ کیمیائی اخراج کی وجوہات جاننے کے لیے قومی، ریاستی اور مقامی سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ داران کا تعین کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ماہرین کے مطابق ہائیڈروجن سلفائیڈ ایک نہایت زہریلی گیس ہے، جو زیادہ مقدار میں سانس کے ذریعے جسم میں داخل ہو کر جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، اسی لیے ایسے صنعتی یونٹس میں حفاظتی اقدامات انتہائی ضروری ہوتے ہیں۔