پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان، میچز کب اور کہاں کھیلے جائیں گے؟
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پرمشتمل ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کا شیڈول جاری کر دیا گیاہے، پہلا ون ڈے راولپنڈی جب کہ باقی 2 میچز لاہور میں کھیلیں جاٸیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے ساتھ ہونے والی ون ڈے سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان 3 میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں آسٹریلیا کی میزبانی کرے گا، جس کے لیے آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جب کہ سیریز کا دوسرا اور تیسرا ون ڈے 2 اور 4 جون کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق تمام میچز مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوں گے جب کہ ٹاس شام 4 بجے ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ ون ڈے سیریز مارچ اور اپریل 2022 کے بعد آسٹریلیا کی پاکستان میں پہلی ون ڈے سیریز ہوگئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم رواں سال جنوری اور فروری میں تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلنے پاکستان آئی تھی، جس میں پاکستان نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مہمان ٹیم کو 0-3 سے شکست دی تھی۔
آسٹریلیا نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران بھی پاکستان میں میچز کھیلے تھے، جن میں 22 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف 5 وکٹوں سے کامیابی بھی شامل ہے۔















